سرینگر//ریاستی کلچرل اکیڈیمی نے سکولی تعلیم محکمہ کے اشتراک سے ٹائیگور ہال سرینگر میں طلباءکے قوالی، حسنِ قرا¿ت اور نعت مقابلوں کا انعقادکیا۔مقابلے کے دوسرے دن کل بارہمولہ ، پلوامہ ، گاندربل ، بڈگام اور سرینگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلباءنے قوالی کے پروگرام پیش کر کے حاضرین کو محظوط کیا۔ اس موقعہ پر کلچرل اکیڈیمی کے سیکرٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیوز دور درشن کیندر سرینگر قاضی سلمان، ریڈیو کشمیر کے شعبہ خبر کے سربراہ مشتاق احمد تانترے ، محکمہ تعلیم کے کلچرل آفیسر غلام نبی شاکر ، سابق ممبر پارلیمنٹ شریف الدین شارق اور دیگر کئی شخصیات موجود تھے۔ ڈاکٹر عزیز حاجنی نے کہا کہ کلچرل اکیڈیمی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں شعراءاور دیگر فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ فراہم ہوتا ہے۔ معروف شعراءاور گلو کاروں بشمول پروفیسر رحمان راہی اور وحید جیلانی کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے پروفیسر حاجنی نے کہاکہ اس طرح کی شخصیات نوجوانوں کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ، قاضی سلمان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسی طرح کی تقریبات اُن طالب علموں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہیں، جو مختلف فنون میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اس طرح اُن کا اعتماد مزید مستحکم ہوجاتاہے ۔ مشتاق احمد تانترے نے کہا کہ فراموش کئے گئے کلچرکی احیائے نو وقت کی اہم ضرورت ہے۔غلام نبی شاکر نے شکریہ کی تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کا ثقافتی شعبہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے لئے کافی سنجیدہ ہے۔ اس موقعہ پر معروف گلوکاروں اور موسیقاروں بشمول رحمت اللہ خان، قیصر نظامی اور حکیم غلام محمد نے پروگرام میں جج کے فرائض انجام دئیے ۔پروگرام کے سلسلے میں تقسیم انعامات کی تقریب ٹائیگور ہال سرینگر میں 17 جون کو منعقد ہوگی۔