سرینگر//حریت(ع) کے چیرمین اور متحدہ مجلس علماءکے امیر میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمدعمر فاروق نے رمضان المبارک کے عشرہ مغفرت میں مجالس وعظ و تبلیغ کے سلسلے میں مسجد شریف رتھ پورہ وانی یار میں نماز عصر سے قبل ایک بڑے دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قران کریم سمیت تمام آسمانی کتابیںاسی مہینے میں نازل ہوئی ہیں اور اسی مہینے کی ایک رات (لیلة القدر) ہزار مہینوں سے افضل قرار دی گئی ہے ۔ میرواعظ نے کہا کہ اس مقدس مہینے میں جہاں قرآن مجید کی تلاوت کرنے والا بے پناہ اجر و ثواب کے ساتھ ساتھ اطمینان سکون اور ایمان کی زیادتی کی دولت سے مالامال ہوتا ہے وہیں قرآن جو ایک مکمل فطری دستور حیات مہیا کرتا ہے کو اس کے تمام تر مفاہیم کے ساتھ سمجھنے کی ضرورت ہے کیونکہ قرآن مجید کو سمجھے بغیر اس مقد س کتاب کا حق ادا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج کل قرآن کریم کی مختلف تفاسیر مختلف زبانوں میں دستیاب ہیں اور سب سے بڑ ھ کر یہ کہ کشمیری عوام کو ان کی اپنی مادری زبان میں بیان الفرقان جس کو مہاجر ملت مولانا محمد یوسف شاہ صاحب ؒ نے بڑی عرق ریزی اور محنت شاقہ کے بعد ترتیب دیا ہے کے نام سے کشمیری زبان میں تفسیر قرآن دستیاب ہے اور کشمیری زبان میں ہونے کہ وجہ سے قرآن مجید کو پڑھنا اور سمجھنا بہت زیادہ آسان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کو سمجھنے سے ہی ہم اس دستور حیات سے صحیح رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں اور روز مرہ کی زندگی میں ہم کو جن مسائل اور مصائب کا سامنا ہے ان سے بہتر طور پر نمٹنے کے راستے آسان تر ہوتے جائیں گے کیونکہ قرآن مجید کی تلاوت اور اس کو سمجھنا سعادت بخش زندگی کا موجب ہے ۔اس لیے ہمیں قرآن مجید سیکھنے، سکھانے اور اس کے معانی ومطالب سمجھنے پر پوری توجہ صرف کرنی چاہئے۔ تاکہ اس کو دستور حیات بناتے ہوئے اپنی عملی زندگی میں اتار سکیں اور دنیا وآخرت کی سعادت سے بہرہ ور ہو سکیں۔