سرینگر//شہر سرینگر کو روشن رکھنے کے لئے سرینگر میونسپل کارپوریشن نے ایک غیر معمولی پہل کے تحت سڑکوں اورگلیاروں میں 18000سٹریٹ لائٹس نصب کرنے کا کام شدومد سے جاری رکھا ہے جب کہ ناکارہ سٹریٹ لائٹس کی مرمت وبحالی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ماہ رمضان کے دوران ہی پورے شہر میں سٹریٹ لائٹس نصب کرنے کا کام پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور اس مقصد کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے پہلے ہی ہدایات جاری کی ہیں کہ شہر سرینگر کے مختلف علاقوں میں لائٹس نصب کرنے کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جانا چاہیے۔سرینگرمیونسپل کارپوریشن کے کمشنرڈاکٹر شفقت خان کے مطابق شہر میں 18000سٹریٹ لائٹس نصب کرنے کا ہدف مقرر ہے اوراب تک 4200سٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ہم چھوٹی سڑکوں اورگلیاروں میں اسٹریٹ لائٹس نصب کررہے ہیں جب کہ پاورڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بڑی شاہرائوں میںلائٹس نصب کررہا ہے۔چونکہ شہرسرینگر کا دائرہ3سوکلومیٹر سے پھیل کر 430کلومیٹر تک پھیل گیا ہے اورنئی بستیاں اور آبادیاں قائم ہوتی جارہی ہیں ۔اس لئے نئی کالونیوں کو بھی روشن رکھنے کے لئے خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔مساجد ،زیارت گاہوںاور دیگر اہم عوامی جگہوں کی طرف جانے والے راستوںمیں بھی لائٹس نصب کرنے کے لئے افرادی قوت کے علاوہ جدید مشینری بروئے کار لائی جارہی ہے۔لائٹس نصب کرنے کے لئے لوگوں کو ایس ایم سی کے دفتر میں صرف ایک سادہ کاغذ پر درخواست دیناہوتی ہے جس کے بعد کارپوریشن متعلقہ علاقوںمیں جاکر لائٹس نصب کرنے کا کام شروع کرتی ہے۔ملک بھر میں بڑھتی ہوئی آبادیوں کے پیش نظر وزیر اعظم نریندرمودی نے5جنوری2015ء کو ایک وسیع قومی پروگرام کے تحت سرینگر سمیت ایک سوشہروںمیں روایتی اور گھریلوروشنی کے نظام میں بدلائو کی ہدایات دے کر توانائی کی بہتر صلاحیت والی ایل ای ڈی لائٹس نصب کرنے پر زوردیا۔قومی سطح کے اس وسیع پروگرام کے تحت سرکار نے ملک بھر میں 1.34کروڑ روایتی سٹریٹ لائٹس کو بدل کر ایل ای ڈی لائٹس نصب کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے جس پر سرعت کے ساتھ کام جاری ہے۔ایس ایم سی کی طرف سے شہر میں ناکارہ سٹر یٹ لائٹس کی مرمت،یا بدلنے کا کام پچھلے کئی مہینوں سے جاری ہے اورجنوری 2017ء سے اب تک 10460لائٹس کی مرمت اوربحالی کا کام پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔امید کی جارہی ہے کہ عید الفطر سے قبل ہی باقی ناکارہ سٹریٹ لائٹس کی مرمت کا کام بھی مکمل ہوگا۔سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے بتایا کہ سٹریٹ لائٹس کے بارے میں شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے کارپوریشن نے 5ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو کہ لائٹس کے حوالے سے شکایات اور مطالبات درج کرنے کیلئے روزانہ صبح9بجے سے ہی دستیاب رہتی ہیں۔اس سلسلے میں ہیلپ لائین نمبر 24704499پر رابطہ قائم کیاجاسکتا ہے۔