بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں فورسز نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد شدید طور پر زخمی ہوئے۔ بانڈی پورہ کے چکریشی پورہ میں اس وقت زبردست سنسنی اور خوف وہراس پھیل گیا جب فوج نے ایک گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے2شہریوں پر گولیاں چلائیں۔ دونوں عام شہری قاضی پورہ وٹہ پورہ کے رہنے والے ہیں اور وہ سینٹرو گاڑی میں اہم شریف زیارت پر نماز جمعہ ادا کرنے کے لیے جارہے تھے ۔ چکریشی پورہ کوثریہ ہائی سکول کے متصل موڈپر ایک بجکر20 منٹ پر پانار کیمپ سے وابستہ 14 آر آر کی گاڑی نے آگے جارہی سینٹرو گاڑی پر فائرنگ کی اور10منٹ تک فائرنگ جاری رہی۔ اس کے بعد اس جگہ کو گھیرے میں رکھکر کسی کو موقعہ واردات پر آنے نہیں دیا اور 20 منٹ کے بعد فوجی گاڑی سینٹرو کو ٹوچن کر کے پانار کی طرف رفو چکر ہوگئی۔ مقامی لوگ جب موقعہ واردات پر پہنچے تو وہاں خون کے نشان اور گولیوں کے خالی کھوکھے سوا کچھ نہیں دیکھا۔ لوگوں نے وہاں متصل مسجد کے شیشے فائرنگ سے ٹوٹے ہوئے دیکھے۔ہسپتال زرائع کے مطابق فوج نے2 شدید زخمی افراد مظفر احمد جان ولد فاروق احمد جان اور فیاض احمد حاجی ولد حسن حاجی ساکن قاضی پورہ وٹہ پورہ کو لایا جن کو ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ سے سرینگر منتقل کیا گیا ۔