سرینگر//صوبائی انتظامیہ کشمیر نے حج 2017 ء پر جانے والے عازمین کو خبردا ر کیا ہے کہ وہ غیر رجسٹر شدہ ٹور اور ٹریول آپریٹروں کی طرف سے اخبارات میں دئیے جانے والے اشتہارات اور اعلان کی طرف متوجہ نہ ہوں۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شکایتیں موصول ہوئی ہیںکہ کئی غیر تسلیم شدہ ٹور آپریٹراخباروں میں حج پیکیجز کے بارے میں اشتہار دے کر لوگوں کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔عام لوگوں سے کہا گیاہے کہ وہ صر ف ان ٹور آپریٹروں کے ساتھ رابطہ قائم کریں جو مرکزی وزارت خارجہ کے ساتھ رجسٹر ہوں اور جن کے حق میں حج 2017 ء کا کوٹا الاٹ کیا گیا ہو۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی خواہشمند عازم اگر ٹور آپریٹر کے بارے میں حقائق یا ایک مخصوص ایجنسی کے حق میں واگذار کی گئی حج نشستوں کے بارے میں تفصیلات جاننا چاہتا ہو تو وہ سٹیٹ حج کمیٹی بمنہ سے رابطہ قائم کرکے رہنمائی حاصل کرسکتا ہے۔