نئی دہلی// نائب صدر ڈاکٹر حامد انصاری نے آج تعلیم کو ملک کی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیرل تعلیم کے ذریعہ ہی ملک کے ایک ماڈل ریاست کے طور پر ڈیولپ ہوا ہے اور اس نے ذات پات کے نظام کو ختم کرکے مساوات پر مبنی سماج کا قیام کیا ہے ۔ڈاکٹر انصاری نے انڈین سوشل سائنس کے ذریعہ تعلیم کے حق کے سلسلے میں سرکاری حکم نامہ کے دو سو سال مکمل ہونے پر منعقد ایک کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ 17جون 1817 کو ٹرانکوور کی رانی نے سب کو تعلیم دینے کے سلسلے میں جوشاہی حکم نامہ جاری کیا تھا اس نے ریاست میں تعلیم کے سلسلے میں ایک نئی بیداری پیدا کی جس سے ریاست کی سماجی ترقی ہوئی اور اس ترقی نے اقتصادی بنیاد رکھنے کا کام کیا۔ کیرل تعلیم کے شعبے میں ایک ماڈل ریاست بنا اور اس سے ذات پات کے نظام کا خاتمہ ہوا اور مساوات پر مبنی سماج کا قیام عمل میں آیا۔ اس کے بعد کیرل علم پر مبنی ریاست بنا۔ انہوں نے کہا کہ کیرل کو اب اقتصادی ترقی کی سمت میں کام کرنا ہے اور اس کے لئے ڈیجیٹل خواندگی کے اسکل کو فروغ دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیرل میں فی کس آمدنی سب سے زیادہ ہے اور سرمایہ کاری بھی کافی ہوئی ہے ۔
کیرل ماڈل سے سب کو سیکھنے کی کافی ضرورت ہے اور کیرل نے تعلیم کے شعبے میں خود کو ایک بہتر ماڈلو کے طور پر پیش کیا ہے ۔یو این آئی