جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اتوارکی شام جموں میں افطار پارٹی کی میزبانی کی۔ پارٹی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 1ہزار مہمانوں نے شرکت کی ۔ افطارپارٹی میں سپیکر کو یندر گپتا ، کئی وزرا ، کئی اراکین قانون سازیہ ، پی ڈی پی کے نائب صدر محمد سرتاج مدنی، 16ویں کور کے جی او سی ، سول و پولیس انتظامیہ کے افسران ، میڈیا برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اور معزز شہریوں اور سول سوسائٹی ممبران نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر شرکاء نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کر کے کھجوروں اور شربت سے روزہ کھولا ۔اس موقعہ پر محبوبہ مفتی نے مہمانوں سے بات بھی کی۔افطار پارٹی کی خاص بات رواں سال سول سروسز امتحان میں پاس ہوئے جموں کے نوجوانوں کی شرکت تھی جنہیں وزیر اعلیٰ نے مستقبل کے لئے نیک خواہشات دیں۔ مغرب نماز کے لئے مرد اور خواتین کے لئے خاص انتظامات کئے گئے تھے۔