ینڈھر+نوشہرہ//چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی ہندوستان پر فتح کے بعد بالا کوٹ اورنوشہرہ سیکٹر میں دونوں طرف سے بندوقوں کے دہانے کھول دئیے گئے اور 9:35بجے سے لے کر 9:55بجے تک شدید فائرنگ ہوئی جس کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔ اگر چہ سر دست کسی بھی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم دونوں طرف سے چھوٹے ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ رات 10:00بجے کے بعد اگر چہ فائرنگ کی شدت میں کمی آگئی تاہم رک رک کر فائرنگ کا سلسلہ آخری خبریںموصول ہونے تک جاری تھا۔ دریں اثنا آر پار جنگبندی معاہدہ کی بڑھتی خلاف ورزیوں کی وجہ سے پچھلے ایک ہفتہ میں سرحدی علاقوں کے مکینوں کی محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی میں مزید اضافہ ہوا ہے ، جب کہ پچھلے 40روز سے کیمپوں میں مقیم افراد کی گھر واپسی کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ضلع انتظامیہ کی طرف سے نوشہرہ کے سرحدی علاقہ میں قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں میں ابھی تک 839کنبوں پر مشتمل 3361نفوس پناہ گزین ہیں جب کہ مزید نقل مکانی کا سلسلہ جا ری ہے۔ پناہ گزینوں میں 1053مرد ، 1049خواتین اور 1259بچے بھی شامل ہیں جن میں سے بیشتر کا تعلق سریا، کھمبہ، انواس، بھنڈار، بھوانی اور کینٹ نامی دیہات سے ہے جب کہ ضلع کے لام، لارکو، پکھیرنی اور قرب و جوار کے گائوں میںرہنے والے آر پار فائرنگ سے متاثر ہزاروں افراد اپنے ہی گائوں میں قیام پذیر ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے جہاں کیمپوں میں تمام تر بنیادی سہولیات فراہم رکھی ہوئی ہیں وہیں فائرنگ سے متاثرہ دیگر علاقہ جات میں بھی لوگوں کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے اقدامات کئے ہوئے ہیں۔ پناہ گزینوں کے لئے قائم کردہ 5کیمپوں میں ایس ڈی ایم نوشہرہ ہربنس لال، تحصیلدار ریاض حسین اور نوشہرہ و قلعہ درہال کے بلال ڈیولپمنٹ افسران کو کیمپ آفیسر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے جو کیمپوں کے مکینوں کی ضروریات کا خیال رکھ رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اگر چہ اس علاقہ میںحالات کے پیش نظر گرمائی تعطیلات قبل از وقت کر دی گئی تھیں تاہم اس سے قبل ہی ضلع انتظامیہ نے متاثرہ اسکولوں کے اساتذہ کو کیمپوں کے اندر ہی درس و تدریس کا سلسلہ جار ی رکھنے کا حکم دیا تھا۔ اس دوران کھڑی فصلوں، مال مویشی، رہائشی ڈھانچوں اور اسکولی عمارتوں کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ متاثرہ کنبوں کو ڈی بی ٹی کے تحت عبوری امداد فراہم کی گئی ہے جب کہ فائرنگ میں ہلاک ہوئے افراد کے لواحقین کو معائوضہ کی فراہمی کے لئے سکریننگ کمیٹی کی میٹنگ کل یعنی 22جون کو ہو رہی ہے ۔