سرینگر//مال ، امداد ، باز آباد کاری و تعمیرات کے وزیر عبدالرحمان ویری نے عوامی اہمیت کے حامل پروجیکٹوں کو بروقت مکمل کرنے کی افسران کو ہدایت دی ۔ وزیر ضلع اننت ناگ میں صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکموں کی کارکردگی کا جائیزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔وزیر نے افسران کو عوامی اہمیت کے حامل پروجیکٹوں پر جاری کام میں سرعت لانے کیلئے کہا تا کہ ان پروجیکٹوں کے فوائد عام لوگوں تک پہنچ سکیں ۔ وزیر نے سرہامہ اور کیکلان واٹر سپلائی سکیم کی تکمیل امسال کے آخیر تک کا وقت مقر ر کیا ۔ انہوں نے افسروں پر زور یا کہ یہ دو واٹر سپلائی سکیمیں مقامی لوگوں کیلئے کافی اہمیت کی حامل ہیں اور ان پر جاری کام میں سرعت لانا ضروری ہے ۔ انہوں نے زین الدین ولی واٹر سپلائی سکیم کی تکمیل کیلئے جون کے آخیر تک کا وقت مقرر کیا ۔ وزیر نے کریوا ، واگہامہ ، بالیار مرہامہ واٹر سپلائی سکیموں پر جاری کام کا بھی جائیزہ لیا اور افسروں کو ان سکیموں کیلئے رقومات کی واگذاری کا معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھانے کیلئے کہا ۔