بانہال // اتوار کی رات چیمپئن ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی ہندوستان پر درج کی گئی جیت کے بعد وادی چناب کے دیگر علاقوں کی طرح بانہال اور رام بن میں بھی پٹاخے سر کئے گئے اور آتش بازی کی گئی۔ جبکہ بانہال کے بعض علاقوں میں شائقین کرکٹ نے پاکستان کی فتح پر جشن منایا جو رات دیر تک جاری رہا۔ رام بن کے بعض علاقوں میں اکا دکا طور پٹاخے پھوڑے گئے لیکن مجموعی طور پر سب کچھ پر امن ہی رہا۔ اسی طرح بانہال کے کئی علاقوں میں ہندوستان کی وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے ساتھ ساتھ پٹاخوں کو سر کرنے کا سلسلہ شروع ہوا جو پاکستان کی طرف سے فائنل جیتنے کے بعد تیز ہوگیا اور اس کے بعد بعض گاوں میں جشن منانے کی بھی اطالاعات ہیں۔ یہ تمام سلسلہ پر امن طور سے اختتام پذیر ہو گیا۔ کسی بھی قسم کی امن وقانون کی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پولیس انتطامیہ نے ضلع بھر میں فورسز اور پولیس کی اضافی ٹکڑیوں کو تعینات کیا تھا جو رات دیر تک علاقوں میں گشت کر رہے تھے۔