کراچی// آئی سی سی چمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف ہندستانی ٹیم کو شکست دے کر ٹائٹل جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا برطانیہ سے وطن لوٹنے پر زور دار استقبال کیا گیا جہاں ہوائی اڈے پر ہی پرستار اپنے کھلاڑیوں کے انتظار میں موجود رہے ۔پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور رومان رئیس منگل کی صبح جناح بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں سندھ کے گورنر محمد زبیر، کراچی کے میئر وسیم اختر اور ہزاروں پاکستانی پرستار موجود تھے اور انہوں نے پھولوں سے کھلاڑیوں کا خیر مقدم کیا۔ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں حسن علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان اور احمد شہزاد علامہ اقبال بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں لاہور کے میئر، پنجاب اسمبلی کے کئی وزیر اور مقامی شہریوں کے علاوہ نوجوان پرستار موجود تھے ۔شائقین کے ہاتھوں میں پھولوں کے ساتھ چمپئنز ٹیم پاکستان کے نعرہ والے بینر بھی تھے ۔ انہوں نے یہاں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کیں ۔کھلاڑیوں کے ساتھ سیلفي لینے کی بھی دوڑ لگی رہی جبکہ کئی نوجوان شائقین نے موٹر سائیکل اور کاروں کی ریلی نکالی اور جھنڈے لھرایے ۔چمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایک ساتھ ٹکٹ دستیاب نہیں ہونے کی وجہ سے متعدد کو اپنے گھروں کو لوٹنا پڑا ہے ۔یہ پہلی بار ہے جب پاکستانی ٹیم نے چمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتا ہے ۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جب آج صبح پاکستان پہنچے تو کئی نیوز چینلز نے ان کی آمد کو براہ راست دکھایا۔ کرکٹ کے ہزاروں شائقین نے ائیر پورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔سرفراز احمد نے اپنے فیس بک پیج پر اپنے ان ہزاروں مداحوں کی تصاویر شیئر کی ہیں جو کئی گھنٹے ان کے گھر کے باہر سرفراز احمد کا انتظار کر تے رہے ۔ نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق کراچی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے گھر کے باہر رات سے ہی ان کے مداح ان کا انتظار کرنے اور جمع ہونے شروع ہو گئے تھے ۔