سرینگر//چوگل ہندوارہ سے تعلق رکھنے والے سابق جنگجو کمانڈر اورپیپلز پولٹیکل لیگ کے وائس چیئر مین شوکت احمد وانی عرف راشد وانی پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق راشد وانی مظفر آباد کی ایک مسجد میںپیر کی شب دوران تراویح اچانک غش کھاکر گر پڑے ، انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔منگل کو ان کی نماز جنازہ مظفر آباد میں دریائے نیلم کے عقب میں قلعہ کے قریب جناح ڈینٹل اسپتال کے احاطہ میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں کشمیریوںاور مقامی آبادی نے شرکت کی۔ راولپنڈی ، اسلام آباد اور دیگر شہروں سے بھی بڑی تعداد میں مہاجر کشمیریوں نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی جس کے بعدانہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کا تعلق چوگل ہندواڑہ سے تھا اوران کی شادی مظفر آباد کے وار خاندان میں ہوئی تھی۔اُن کے پسماندگان میں دو بیٹے اور بیوہ شامل ہیں۔ مرحوم سابق جنگجو کمانڈر تھے، تاہم بعد ازاں انہوں نے سیاسی جدوجہد میں قدم رکھا ۔قابل ذکر ہے کہ مرحوم کو چند برس قبل راولپنڈی میں ڈاکہ زنی کے ایک واقعہ کے دوران موٹر سائیکل سواروں نے سر راہ گولی مار دی تھی جس کے بعد ان کا آپریشن کیا گیا، تاہم اب وہ صحتیاب ہو چکے تھے۔