سرینگر // تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کل سرینگر شہر کا تفصیلی دورہ کر کے فلڈ سپل چینل پر جاری ڈریجنگ کے کام کا برسر موقع جائیزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر فاروق احمد لون، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے چیف انجنیئر اور سُپرنٹنڈنگ انجنیئر، تعمیرات عامہ کے چیف انجنیئر اور صحت عامہ کے ایگزیکٹو انجنیئر کے علاوہ دیگر کئی افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔وزیر کو بتایا گیا کہ پنزی نارہ میں کُل 2.73 مکعب میٹر ملبہ نکالا جانا ہے جس میں سے اب تک2.06 مکعب میٹر ملبہ نکالا گیا ہے۔بمنہ سے شریف آباد فلڈ سپل چینل کے دورے کے دوران وزیر نے متعلقہ افسروں کو اس کام میں سرعت لاکر اسے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ فلڈ سپل چینلوں میں30 ہزار کیوسکس پانی سمانے کی گنجائش ہے جس سے سرینگر شہر کو سیلاب سے بچایا جاسکے گا۔وزیر کو بتایا گیا کہ11 لاکھ کیوبک میٹر ملبہ نکالنے کے لئے17 مشینوں کو کام پر لگایا گیا ہے جس میں سے80 فیصد ملبے کو باہر نکالا جائے گا اور20 فیصد ملبہ کو کنارے مضبوط کرنے کے کام میں لایا جائے گا۔فلڈ سپل چینل پر وزیر اعظم تعمیر نو منصوبے کے تحت399.29 کروڑ روپے کی لاگت سے کام جاری ہے۔ یہ فلڈ چینل 1759 کنال اراضی رقبہ پر محیط سرینگر، بڈگام اور بانڈی پورہ اضلاع سے گذرتی ہے۔دورے کے دوران کئی عوامی وفود نے وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر نے لوگوں کے مسائل غور سے سُننے کے بعد یقین دلایا کہ جائیز عوامی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔اس سے پہلے وزیر نے راجباغ علاقہ کا دورہ کر کے وہاں کے لوگوں کو درپیش مشکلات کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے راج باغ میں عبداللہ لین میں میکڈم بچھانے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے اقبال آباد کالونی کے لئے اضافی واٹر لائین بچھانے کے احکامات بھی دیئے۔وزیرموصوف نے افسروں کو آرم واری فُٹ برج اور علاقہ میں سٹریٹ لائٹس کی مرمت کرنے کے احکامات دیئے۔