سرینگر/ بیت الہلال جواہر سرینگر میں جے اینڈ کے یتیم فاونڈیشن کی طرف سے تقسیم امداد کی ایک سادہ اور پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں فاونڈیشن کے چیر مین منیر احمد ڈار ، جنرل سیکریڑی سید عبد الحمید اور سیکریڑی فائنانس محمد رفیق لون نے شرکت کی ۔ ا س موقعہ پر چیرمین نے بیواؤں کی فلاح و بہبود اور باز آبادکاری کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے پر زور دیا اور ساتھ ہی مستحقین کو صبر و ہمت اور کفایت شعاری سے کام لینے کی تلقین کی ۔پروگرام میں شب قدر اور عید الفطر کی آمد کے سلسلے میں وادی کشمیر کے مختلف اضلاع سے وابستہ 105مستحق بیواؤں میں اشیائے خوردنی کی کٹیں تقسیم کی گئیں ۔ جن میں چاول ، تیل ، چائے اور دیگر اشیائے خوردنی کی چیزیں شامل ہیں ۔ اس دوران یتیم فائونڈیشن کی جانب سے گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن سرینگر میں’’ رمضان کی پکار ۔سماجی خدمات شعبے میں دیانت داری، شفافیت او ر جوابدہی‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمنار پر بولتے ہوئے مقررین نے ضرورت مندوں کی مجموعی فلاح و باز آباد کاری کیلئے مربوط پالیسی اپنانے اور اس شعبے کو مثبت سمت دینے اور پیشہ وارانہ طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔