نیو یارک//تنازعہ کشمیر کے بارے میں پہلی بار لب کشائی کرتے ہوئے اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹیریس نے کہا ہے کہ انہوں نے ہند پاک وزرائے اعظم کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں میں دونوں لیڈران کومسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات شروع کرنے پرآمادہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ جنوری کے مہینے میں عہدہ سنبھالنے کے بعد اینٹونیو گوٹیریس نے منگل کو پہلی بارنیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کشمیر اور ہند پاک تعلقات سے جڑے موضوعات پر نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دئے۔جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے درمیان بات چیت شروع کرنے کی کوششیں کررہے ہیں؟تو ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہند پاک وزرائے اعظم کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں کے ذریعے دونوں لیڈران کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بات چیت شروع کرنے پر رضامند کرنے کی کوشش کی ہے۔اس ضمن میں اینٹونیو گوٹیریس نے مسکراتے ہوئے کہا’’آپ کیا سمجھتے ہیں کہ میں نے پاکستان کے وزیر اعظم کے ساتھ تین بار اورر بھارت کے وزیر اعظم کے ساتھ دو بار ملاقات کیوں کی؟ میں نے ان ملاقاتوں کے ذریعے بات چیت شروع کرنے پر زور دیا ہے تاکہ مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کیا جائے‘‘؟ہند پاک تعلقات کو بہتر بنانے کی کائوشیں نہ کرنے پر ان پر ہونے والی تنقید کے جواب میں سیکریٹری جنرل نے کہا’’جس پر کچھ بھی نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہو، اس نے کئی میٹنگیں کی ہیں ‘‘۔ایک صحافی نے جب سیکریٹری جنرل سے عہدہ سنبھالنے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کنٹرول لائن کی کشیدگی اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بارے میں پوچھنا چاہا تو سیکریٹری جنرل نے نہ اس سوال کے جواب میں کچھ کہا اور نہ ہی اس بات کا کوئی اشارہ دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے ہند وپاک کے درمیان کسی قسم کی ثالثی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈیوجیرک کئی بار یہ بیان دہرا چکے ہیں کہ اس عالمی ادارے کے سربراہ کشمیر کی صورتحال اور ہند پاک تعلقات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس حوالے سے کی بھی طرح عدم دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کررہے ہیں۔ترجمان یہ بات بھی کہتے رہے ہیں کہ سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دونوں ملکوں پر پر امن مذاکرات شروع کرنے پر زور دیتے ہیں۔