سرینگر// ریاست میں اشیاء اور خدمات ٹیکس کے اطلاق کے اثرات پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکی میٹنگ فعال اور معروف سیول سوسائٹی ممبران سے ہوئی ۔میٹنگ کی صدارت چیمبر کے صدر مشتاق احمد وانی نے کی۔ اس موقعہ پر جی ایس ٹی لاگو کرنے سے ریاست کی مالی خود مختاری پر تباہ کن اثرات پر بھی تفصیل کے ساتھ بات کی گئی۔ چیمبر آف کامرس نے اس بات کو دہرایا کہ جی ایس ٹی کو موجودہ حالات میں ریاست میں لاگو کرنے کی قطعی طور پر اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے ریاست کی مالی خود مختاری اور خصوصی حیثیت کو زک پہنچے کا خدشہ ہے اور چیمبر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔مشتاق احمد وانی نے کہا کہ چیمبر اس طرح کے فیصلوں کو روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گا۔ چیمبر نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکار جی ایس ٹی پر مجوزہ مسودہ لیکر عوام میں آجائے،تاکہ لوگوں کی رائے معلوم ہو سکے۔ انہوں نے چیمبر کو اس معاملے میں ایک بڑا فریق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھی اس معاملے میں قانون ساز ممبران کی کمیٹی میں بحث اور تجاویز سے قبل اپنا نقطہ نظر سامنے رکھنے کا موقعہ دیا جانا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے بھارت میں اس قانون کے اطلاق کے بعد حکومت متبادل انتظامات اٹھائے۔میٹنگ میں جسٹس(ر) حسنین مسعودی،محمد شفیع پنڈت، جی آر صوفی،انورادھا بھسین اور نصرت اندرابی بھی موجود تھے۔