سرینگر//جموں کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کے اہتمام سے بدھ کو ریاست بھر میں کام چھوڑ ہڑتال کی گئی جبکہ کئی اضلاع میں مظاہرے بھی کئے گئے۔ایسوسی ایشن کے مطابق اُن کے جائز مطالبات کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے ہڑتالی کال دی گئی تھی۔اس سے قبل ایسو سی ایشن نے حکومت کو اُن کے مطالبات کو پورا کرنے کیلئے دس دن کی مہلت دی تھی۔ ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر فیاض احمد بابا نے بتایا کہ حکومت ان کے مطالبات حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ”ماہ رمضان کے پیش نظر ہم نے علامتی ہڑتال کی لیکن اگر مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ غیر معینہ مدت کیلئے کام چھوڑ ہڑتال کریں گے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ پٹواری واحد ایک ایسا عہدیدار ہے جس کے بیٹھنے کیلئے کہیں کوئی جگہ نہیں ہے اور نہ ہی سرکاری کاغذات محفوظ رکھنے کیلئے کوئی الماری ہے۔ ادھر ریاست کے دیگر اضلاع کے ساتھ ساتھ ضلع گاندربل میں بھی پٹوار ایسوسی ایشن کے بینر تلے یک روزہ کام چھوڑ ہڑتال کیا گیا ۔ہڑتال کے دوران حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کی مانگوں کو فوری طور پرپُر کیا جائے،جو کئی برسوں سے زیر التوا ہیں۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدرضلع گاندربل معراج الدین صوفی نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا ”ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارا گریڈ 2400 سے بڑھاکر 2800 کیا جائے،براہ راست نائب تحصیلدار وں کی بھرتی بندکی جائے،وقت پر پٹواریوں اور گرداوروں کو ترقیوں سے نوازا جائے اورپٹوار خانوں کو تعمیرکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ان مطالبات کو پُر کرنے میں لیت لعل سے کام لیا تووہ مجبوراً غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال پر جائیں گے ۔