اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان نے ہمیشہ ثالثی کا خیر مقدم کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاکستان تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کررہا ہے اور پاکستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کے لیے پْر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اور چین مشترکہ انداز سے کام کر رہے ہیں۔کشمیر کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے پیلیٹ گنز کا استعمال اب بھی جاری ہے، بھارتی افواج نے رواں ہفتے درجنوں افراد کو نشانہ بنایا جبکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی جیت کا جشن منانے والوں کو گرفتار کیا۔ترجمان نے عالمی برادری سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کے دیرینہ تنازع کو حل کرنا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے، پاکستان نے ہمیشہ اس عالمی تسلیم شدہ تنازع کے حل کے لیے ثالثی کاخیر مقدم کیا ہے۔