کوٹرنکہ //کوٹرنکہ میں لوگوںنے ایس ڈ ی ایم کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ۔لوگوں کا الزام ہے کہ ایس ڈی ایم اسلام مخالف باتیں کررہے ہیں اور وہ یہاں کہتے ہیں کہ اذان سے لوگ پریشان ہوتے ہیں اس لئے اس کے بغیر بھی نمازا دا ہوسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ایس ڈی ایم کو فوری طور پر یہاںسے تبدیل کیاجائے کیونکہ وہ بھائی چارے کیلئے خطرہ بن رہے ہیں جو یہاں کی قدیم روایت ہے ۔ مولانا مفتی غلام محی الدین ،چوہدری محمد شفیع ،صوفی عالم دین،سخی محمد ،ایوب پہلوان ودیگران نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جان بوجھ کر یہا ں کے صدیوں پرانے بھائی چارے کو تباہ وبرباد کیاجارہاہے ۔انہوں نے الزام لگایاکہ ایس ڈی ایم تین طلاق اور اذان جیسے معاملات پر باتیں کررہے ہیں اور یہاں تک کہہ رہے ہیں کہ اذان کے بغیر بھی نماز ہوسکتی ہے ۔نوجوانوںنے کہاکہ جوکوئی بھی اپنے کام کیلئے ان کے دفتر جاتاہے تو وہ کام کے بجائے کام کرنے کے شادی کی باتیں کرتے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ جاہل لوگ زیادہ بچے پیدا کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ انہیں ایسے افسر کی ہرگز ضرورت نہیں ہے اور انہیں فوری طور پر تبدیل کیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر انہیں عید الفطر تک یہاںسے ہٹایانہیں گیاتو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گاجس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ اور حکومت پر عائد ہوگی ۔