سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ سے کیپٹل شہروں کی ترقی کو منصوبہ بند طریقے سے انجام دینے میں کافی مدد ملے گی جن میں جدید طرح کی سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ مرکزی سرکار کے سمارٹ سٹی مشن میں ریاست کے دو شہروں جموں اور سرینگر کے کوالیفائی کرنے کے بعد اُن سے ملنے آئے کئی وفود سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ پہلے مرحلے میں جموں اور سرینگر کو فی کس 500 کروڑ روپے اور بعد میں 3500 کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے ۔ سرینگر اور جموں شہروں کی ترقی کیلئے سمارٹ سٹی مشن کو ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس قدم سے دونوں شہروں میں سائینسی بنیادوں پر جدید سہولیات دستیاب ہوں گی جس سے لوگوں کو کافی راحت ہو گی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر وینکا نائیڈوکا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ مرکز کی دور اندیشی کی وجہ سے ہی جموں و سرینگر کو اس اقدام کے تحت شامل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مکانات اور شہری ترقیات محکمے نے اس کیس کی پیروی کیلئے کافی کام کیا ۔ بعد میں ڈاکٹر سنگھ نے تعمیراتِ عامہ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کر کے جموں صوبے میں عملائے جا رہے مختلف ہائی وے پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے افسران کو تمام پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ جموں چیمبر آف انڈسڑیز کے وفد نے بھی ڈاکٹر سنگھ سے ملاقات کر کے تجارت اور صنعت سے جُڑے مختلف امور پر ڈاکٹر سنگھ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ ڈاکٹر سنگھ نے وفود کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات پر معقول کاروائی کی جائے گی ۔