جموں//انجمن امامیہ جموں کی زیرقیادت شیعہ تنظیموں نے یوم القدس کے موقعہ پربافرمان امام خمینی ؒ ۔ فلسطینی ،عراقی، بحرینی ،نائجیریا، پاکستان ،ہندوستان کے مظلوم مسلمانوں کے تئیں بھرپور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صدائے احتجاج بلندکیااور امریکہ اوراسرائیل کیخلاف نعرے بازی کی۔اس موقعہ پر امام جمع الجماعت سیدعلی بادشاہ نقوی نے یوم القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ مسلکی اختلافات کودرکنارکرکے مسلم ممالک میں صہیونی طاقتوں اورحکومتوں کے مظالم کے خلاف متحدہ پلیٹ فارم پر صف آراہوکر امریکہ ،اسرائیل اوراس کے حامی ممالک کی مذموم سازشوں کوناکام بنائیں۔ا س دوران ریلی میں شیعہ تنظیموں بشمول انجمن حیدری نیوپلاٹ ،انجمن حسینی بٹھنڈی ، شیعہ فیڈریشن کے عہدیداران وذمہ داران کے علاوہ دیگرمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیرتعدادمیں شرکت کی ۔اس احتجاج کوکامیاب بنانے میں آل لداخ مسلم سٹوڈنٹس یونین کرگل نے بھرپورشرکت کی۔ریلی امام باڑہ پیرمٹھاسے شروع ہوکر شہیدی چوک سے ہوتے ہوئے کربلاکمپلیکس پہنچ کراختتام پذیرہوئی۔اس دوران مظاہرین نے کہاکہ مظلومین کی حمایت میں نکالی گئی ریلی کامقصد ظالموں کوظلم سے بازآنے کاانتباہ دیناہے۔ مقررین نے کہاکہ سامراج نے جنگ عظیم دوئم کے بعد ایک منصوبہ بند سازش کے تحت عرب کے قلب میں اسرائیلی ریاست کا قیام عمل میں لایا اور آج امت مسلمہ کو درپیش کئی مسائل کاباعث یہی غاصبی حکومت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیل نے آہستہ آہستہ فلسطین کے حصوںپر قبضہ کرناشروع کیا اور پھر امریکہ اور دیگر ممالک کے آشیرواد سے نہ صرف اولیاء کی سرزمین فلسطین بلکہ پڑوسی ممالک کے کئی حصوں کو بھی ہتھیا لیا اور اس کا یہ سلسلہ بھی غیرقانونی طور پر تعمیر کی جارہی کالونیوں اور مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کی صورت میں جاری ہے ۔اس موقعہ پرانجمن امامیہ پیرمٹھاجموںکے عہدیداروجامع مسجدپیرمٹھاکے امام مولاناعلی بادشاہ نقوی نے کہاکہ دنیا یہ سب کچھ جان کر بھی کہ اسرائیل نے فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھائے ہیں ، خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے اور اس غاصب صہیونی ریاست کے خلاف کوئی اقدام نہیں کررہی ۔ ان کاکہناتھاکہ اسی ظلم کیخلاف انقلاب اسلامی کے رہبر آیت اللہ خمینیؒ نے آواز بلند کی اور ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منانے کااعلان کیا ۔ انہوںنے کہاکہ آج دنیا بھر میں یہ دن یوم القدس کے طور پر منایاجاتاہے اور اس روز ہونے والے احتجاج سے اسرائیل اور اس کی حمایتی کانپ اٹھتے ہیں ۔ نے کہاکہ اگر امام خمینی ؒ نے یوم القدس کی بنیاد نہ رکھی ہوتی تو شائد آج امت مسلمہ فلسطین کے مسئلے کو بالکل ہی فراموش کرچکی ہوتی لیکن اس ایک دن کی بدولت مسئلہ فلسطین زندہ ہے اور پوری دنیا میں ہونے والے مظاہرے اور احتجاج یہ ثابت کرتاہے کہ مظلوم قوم کے حامی ظلم کیخلاف خاموش نہیں رہ سکتے ۔مولاناعلی بادشاہ نقوی نے کہاکہ وہ صوبہ جموں کی تمام مقامی انجمنوں کو یوم القدس کے موقعہ پر ریلیاں اور جلوس برآمد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور یہ کہناچاہتے ہیں کہ انہوں نے مظلوم قوم کی حمایت کا اظہار کرکے ایک اہم فریضہ انجام دیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ امت مسلمہ کو مسئلہ فلسطین پر ایک ہوجاناچاہئے اور اپنے ذاتی اور مسلکی اختلافات فراموش کردینے چاہئیں ۔مولاناعلی بادشاہ نقوی نے کہاکہ جب تک اسرائیل کیخلاف مسلمانوں کا اتحاد قائم نہیں ہوتا تب تک وہ فلسطین پر ظلم کرتارہے گا اور اس پاک سرزمین کی مائیں بے سہارا اور بچے یتیم ہوتے رہیںگے ۔انہوںنے عالمی امن کے ٹھیکیداروں پر بھی زور دیاکہ وہ مسئلہ فلسطین پر مجرمانہ خاموشی توڑ کر فلسطینی مظلوم عوام کو انصاف دلائیں ۔