سرینگر//لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو سنیچر کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کی بھاری جمعیت نے ان کے گھر کا گھیرائو کیا اور انہیں گرفتار کرلینے کے بعد فوراً سرینگر سینٹرل جیل منتقل کیا ۔ انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل منتقل کیا گیا ہے۔فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ خیر سگالی کے جذبے کے تحت عید جیسے متبرک تہواروں پر قیدیوں کو رہاکیا جاتا رہاہے لیکن آر ایس ایس کی حمایت یافتہ پی ڈی پی سرکار نے اب کی بار نئی قسم کی اخلاقیات وضع کرتے ہوئے قیدیوں کو رہا کردینے کے بجائے اس مبارک موقع پر مذید قیدیوں سے جیلوں اور تھانوں کو بھرنے کا کام شروع کیا ہے۔یاسین ملک نے کہا کہ کشمیر کو ایک قتل گاہ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کے ان سخت اقدامات کا واحد مقصد ہمارے جذبۂ آزادی کو کمزور اور ختم کرنا ہے لیکن بھارت اور اسکے ریاستی گماشتوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ ظلم و جبر کے ان ہتھکنڈوں سے ہم کسی بھی صورت میں مرعوب نہیں ہوں گے ۔