سرینگر//وزیر اعظم کی خصوصی سکالر شپ سکیم کے تحت ریاست سے باہر مختلف کالجوں میں طلباءکے داخلے کی کونسلنگ کا عمل30جون 2017ءسے شروع ہوگا۔ آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن جو پی ایم ایس ایس ایس کے لئے نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کر رہا ہے کہ طرف سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق کونسلنگ کا کام بیک وقت سرینگر، جموں اور لیہہ میں شرو ع ہوگا۔کشمیر میں امرسنگھ کالج گوگجی باغ سرینگر میں کونسلنگ سینٹر نامزد کیا گیا ہے جبکہ جموں میں گورنمنٹ کالج فار وومن گاندھی نگر میں کونسلنگ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔اسی طرح لیہہ کے گورنمنٹ ایلیزر جولڈن میموریل کالج میں طلاب کو یہ کونسلنگ دی جائے گی ۔تمام نامزد مراکز میں کونسلنگ کا کام صبح 9بجے شروع ہوگا ۔اے آئی سی ٹی ای کی نوٹیفکیشن کے مطابق 30جون 2017 ءکو میرٹ نمبر 1سے لے کر 600تک آنے والے طلاب ، یکم جولائی 2017کو میرٹ نمبر 601سے 1400تک ، 2 جولائی 2017 ءکو میرٹ نمبر 1401سے لے کر 2200 تک ، 3جولائی کو میرٹ نمبر 2201سے لے کر 3000تک ، 4جولائی کو میرٹ نمبر 3001سے لے کر 4000تک ، 5جولائی کو میرٹ نمبر 4001سے لے کر 5000 تک جبکہ 6جولائی کو میرٹ نمبر 5001سے لے کر 6000تک آنے والے طلباءکی کونسلنگ کی جائے گی۔خالی پڑ ی اور مخصوص زمرے کی نشستوں کے لئے 7جولائی2017ءکو کونسلنگ کی جائے گی جبکہ ڈپلوما یافتہ طلباءکے لئے لیٹرل انٹری کی کونسلنگ 8جولائی 2017ءکو عمل میں لائی جائے گی۔پی ایم ایس ایس ایس کے تحت جن اُمید واروں نے داخلے کے لئے درخواستیں دی ہیں ان کی میرٹ لسٹ اے آئی سی ٹی ای کی ویب سائٹwww.aicte-jk-scholarsh ip-gov.in/resource/p rovisionalmeritlist-pmsss%202017-18 پردستیا ب ہے۔اے آئی سی ٹی ای اہلکارو ں کے مطابق ریاست کے 25585طلاب نے اس سال پی ایم ایس ایس ایس کے لئے اپنے ناموں کا اندراج کیا ہے جن میں سے 19963 طلاب نے نامزد سہولیاتی مراکز پر اپنے دستاویزات کی جانچ کروائی ہے۔