سرنکوٹ//تحصیل کمپلیکس سرنکوٹ میں ٹھیکیدار یونین کی طرف سے ایک اجلاس منعقد کیاگیا جس میں محکمہ تعمیرات عامہ کے خلاف بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیاگیا۔اس موقعہ پر ٹھیکیداروں نے بتایا کہ مالی سال 2015-16کے دوران مغل شاہراہ کی مرمت کاکام ہواتھا،اس کی ٹینڈرنگ 78 اور 79فیصدپر ہوئی لیکن جب اجرت واگزار کرنے کا وقت آیا تو اس وقت محکمہ کی جانب سے% 8 کم ریٹ پر پیسہ دیاگیا۔انہوںنے کہاکہ محکمہ نے دھاندلی اور بے ضابطگیوںسے کام لیاہے اورجس ایجنسی نے گزشتہ سال کام کروایا تھا وہی ایجنسی اس بار بھی ملی بھگت سے کام کررہی ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ بغیر کسی نوٹیفکیشن اور بغیر کسی اشتہار کے ٹینڈرنگ ہورہی ہے جو سراسر غلط ہے ۔انہوںنے یہ الزام بھی لگایاکہ کام ایک ہی سیاسی جماعت سے وابستہ لوگوں کو دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مانگ کی کہ واگزار ہوئی اجرت کی تحقیقات کرائی جائے اور ساتھ ہی اس بات کی انکوائری بھی ہونی چاہئے بغیر اشتہار اور نوٹیفکیشن ٹینڈرنگ کیسے ہورہی ہے ۔انہوںنے وزیر تعمیرات عامہ نعیم اختر سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملہ کی چھان بین کریں کیونکہ محکمہ لوٹ کھسوٹ سے کام کررہاہے اور منظور نظرافراد کو فائدہ دیاجارہاہے ۔اجلاس کے بعد ٹھیکدارایس ڈی ایم ڈاکٹر بشارت انقلابی سے ملاقی ہوااور انہیں تحریری طور پر ایک میمورنڈم پیش کیا۔ایس ڈی ایم نے یقین دلایاکہ وہ اس حوالے سے متعلقہ حکام سے بات کریںگے ۔وہیں ٹھیکیداروں نے انتباہ دیاکہ اگر ان کے یہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ احتجاج کی راہ اختیا رکریںگے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہوگی ۔