گاندربل//کلسٹر یونیورسٹی کشمیر کی جانب سے سالانہ فیس میں اضافہ کرنے سے مستحق امیدواروں میں تشویش کی لہرپائی جارہی ہے۔ مئی2017 میں کلسٹر یونیورسٹی کشمیر کی جانب سے کئی کورسوں میں داخلہ کے لئے اشتہار مشتہر کئے گئے جن میں ایم ایڈ کے لئے بھی فارم اجراء کئے گئے اور ان امیدواروں کو ترجیح دی گئی جو کشمیر یونیورسٹی میں کم پوائنٹ حاصل کرنے کی وجہ سے منتخب نہیں ہوئے تھے ۔اس سلسلے میںدرجنوں امیدواروں نے فارم داخل کئے لیکن جن امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی گئی ،وہ اُس وقت فیس جمع کرنے سے محروم ہو گئے جب جمعرات کو اُن سے 14900 روپئے کے بجائے 27625 وصول کئے جانے لگے۔اس صورتحال سے درجنوں امیدواروں میں مایوسی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ امتیاز احمدنامی ایک خواہشمند امیدوار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کلسٹر یونیورسٹی کشمیر کی جانب سے اخبارات اور یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر سالانہ فیس 14900 مشتہر کیا گیا تھا تاہم ا ب اُن سے 27625 روپئے ادا کرنے کیلئے کہا جارہا ہے جو ناانصافی ہے۔احتجاجی امیدواروں نے کلسٹر یونیورسٹی کشمیر میںرجسٹرار کے پاس بھی اپنا احتجاج درج کیا لیکن موصوف نے کسی قسم کی راحت دینے کے بجائے27625 روپے جمع کرنے کی ہدایت دی۔احتجاجی امیدواروں نے کہا کہ کسی اطلاع کے بغیر ہی سالانہ فیس میں اضافہ اُن کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی کوشش ہے۔