سرینگر//چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا ڈاکٹر نسیم زیدی نے جموں وکشمیر الیکشن محکمہ کی طرف سے ریاست میں رہ گئے اہل ووٹروں کے اندراج کے لئے شروع کی گئی خصوصی مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔اس مہم کے دوران 18سے 21برس تک کے ووٹروں کے اندراج کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔مختلف ریاستوں کے الیکشن حکام کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ تمام نشاندہی شدہ ووٹروںکے اندراج کو یقینی بنانے کے لئے لازمی اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا تمام اہل رائے دہندگان کے لئے درج کرنے کے لئے سال میں دو بار خصوصی مہم چلاتا ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کو جوائنٹ سی ای او سے کہا کہ وہ لوگوں کو ووٹوں کی اہمیت سے روشناس کرانے کے لئے خصوصی مہم چلائیں۔ریاست میں یکم جولائی 2017ء سے شروع ہونے والی ایک ماہ طویل خصوصی مہم کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر جے اینڈ کے ڈاکٹر رمن کیسر نے کہا کہ تمام متعلقہ افسروں کو اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لئے تربیت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی تشہیری مہم شروع کی گئی ہے۔اس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ بی ایل اوز اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کو مطلوبہ فارم اور دیگر مواد مطلوبہ تعداد میں فراہم کیا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ بی ایل او ز کی مدد کے لئے سیاسی پارٹیوں نے بھی بوتھ لیول ایجنٹ تعینا کئے گئے ہیں۔