سرینگر //حزب المجاہدین سربراہ سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دینے پر لبریشن فرنٹ نے لالچوک میں احتجاجی دھرنا دیا۔ مزاحمتی قیادت کی کال پر لبریشن فرنٹ قائدین و اراکین نے بڈشاہ چوک کے قریب ایک احتجاجی دھرنا دیا۔ نور محمد کلوال کی سربراہی میں فرنٹ قائدین و اراکین جن میں جاوید احمد زرگر،ظہور احمد بٹ،محمد یاسین بٹ، سراج الدین میر ،محمد صدیق شاہ، شیخ عبدالرشید،بشیر احمد کشمیری اور دوسرے لوگ مدینہ چوک لال چوک پر جمع ہوئے۔ انہوںنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور آزادی، شہداء، اتحاد نیز ظلم و جبر اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دہشت گردی کے ساتھ نتھی کئے جانے کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے اراکین جلوس نے بڈشاہ چوک لالچوک کی جانب مارچ کیا اور وہاں پر ایک پرامن احتجاجی دھرنا دیا جس سے قائدین نور محمد کلوال اور سراج الدین میرنے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں دونوں قائدین نے گرفتاریوں کے نئے چکر اور سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔