سرینگر// فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبداللہ طاری نے پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ کی مسلسل نظر بندی کے لئے ریاستی حکام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے نشے میں ان لوگوں نے سبھی حدود پار کرلئے ہیں ۔ مولاناطاری نے کہاکہ شبیر شاہ کوحکام قید و بند میں رکھ کر انتقام گیری کا نشانہ بنارہے ہیں اور ان کی رہائش گاہ کو ایک سب جیل میں تبدیل کیا گیا ہے ۔مولانا طاری نے حکمران ٹولے کی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شخصی آزادی اور خیالات کی جنگ کے دعوئوںاورغبارے سے ساری ہوا نکل چکی ہے ۔انھوں نے انتظامیہ میں شامل ساجھے داروں سے پوچھا کہ وہ اس بات کا جواب دیں کہ وہ بنیادی حقوق کو سلب کرکے کس جمہوریت کے چیمپین ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں اور کیا وہ اس سوال کا جواب دے سکتے ہیںکہ تقریر و تحریر کی آزادی انھوں نے صرف اپنے لئے کیوں مخصوص رکھی ہے ۔مولانا طاری نے اسے حکام کی بزدلی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنے لئے نقل و حرکت کی سہولیات کو برقرار رکھے لیکن سیاسی سطح پر ہمارا مقابلہ کرنے کی تاب نہ لائیں وہ بزدل ہی کہلائے جاسکنے کے قابل ہیں۔مولانا طاری نے EDانفورسمنٹ اور ڈیپارٹمنٹ اور NIA کی جانب سے مذاحمتی قیادت کے خلاف سمن جاری کرنے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کاروائیوں کا مقصد اس کے سوا کچھ نہیں کہ قیادت کو مرعوب اور تحریک آزادی کو بدنام کیا جائے ۔