جموں //سیاحت اور ثقافت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے کہا ہے کہ یاتریوں کے علاوہ دیسی اور غیر ملکی سیاحوں کو جموں کے سیاحتی مقامات کی جانب راغب کرنے کیلئے کوششیں شروع کی گئی ہیں جن کے مثبت نتایج سامنے آ رہے ہیں اور پچھلے دو دنوں کے دوران کئی شری امر ناتھ جی یاتریوں نے امبارن اور سچیت گڑھ سرحدی علاقوں کی سیر کی ہے ۔ وزیر موصوفہ نے اس باتوں کا اظہار یاتری نواس بھگوتی نگر میں یاتریوں کیلئے جموں درشن بس سروس کو ہری جھنڈی دکھانے کے موقعہ پر کیا ۔ پریا سیٹھی نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے جس کیلئے مرکز نے ریاست کو وزیر اعظم خصوصی پیکج کے تحت سالانہ 400 کروڑ روپے دینے کا یقین دلایا ہے ۔ اس موقعہ پر انہوں نے مزید کہا کہ اکھنور میں خصوصی پوجا پاٹھ کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں شردھالوؤں نے حصہ لیا اور حکومت آئیندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے سیاحتی مقامات کے علاوہ عجائب گھر ، پارکیں ، جھیل اور صدیوں پرانے مذہبی مقامات سیاحوں کی دلچسپی کا باعث بنتے ہیں ۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ سیاحت کا فروغ حکومت کی پہلی ترجیح ہے اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اس کیلئے ذاتی کوششیں کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سرینگر ، لداخ ، پونچھ ، راجوری ، بنی اور بسوہلی میں مختلف سیاحتی مقامات کو فروغ دیا جا رہا ہے اور ریاست جموں و کشمیر کو عالمی سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے وزیر اعلیٰ کوششیں کر رہی ہیں ۔ شردھالوؤں کیلئے بس سروس کا اہتمام کرنے کیلئے محکمہ سیاحت کی ستایش کرتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کہا کہ جموں شہر کے 40 کلو میٹر دائرے میں پڑنے والے سیاحتی مقامات کی سیر کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اس سے قبل وزیر موصوفہ نے سیاحتی استقبالیہ مرکز میں سیاحتی اطلاعاتی مرکز کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر ناظمِ سیاحت جموں سمیتا سیٹھی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ وزیر موصوفہ نے ریاست کے تین بڑے خطوں کشمیر ، جموں اور لداخ سے متعلق جانکاری پر مشتمل ایک میگزین کی رسمِ رونمائی بھی انجام دی ۔ اس تحریر کو وی کے سہگل نے ترتیب دیا ہے ۔ اس موقعہ پر جوائینٹ ڈائریکٹر ٹورازم وشیش مہاجن اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم سوبھا مہتا کے علاوہ دیگر کئی افسران بھی موجود تھے ۔