ڈوڈہ//ہنیل گڈیاری سے شعیا دھار (چنڈی ٹاپ) کی سالانہ چنڈی ماتا یاترا اختتام پذیر ہوئی ہے۔ یہ یاترا 27 جون2017 کو شروع ہوئی تھی او رماتا کے مندر واقع شیا دھار تحصیل بھرت باگلہ ،ڈوڈہ میں 30 جون کو پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔بھاری بارشوں اور ناساز گار موسمی حالات کے باوجود سینکڑوں یاتریوں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ،نے یاترا میں نہایت ہی مذہبی جوش و خروش سے شرکت کی ۔ یہ یاترا ایک تاریخی ایونٹ ہے اور ہر سال مقامی آرگنائزیشن ’چنڈی ماتا شاردھا سنستھا ‘کی جانب سے چنڈی ماتا ڈیولپمینٹ ٹرسٹ (چنڈی ٹاپ) شعیا دھار ڈوڈہ کی سر پرستی میں منعقد کی جاتی ہے۔ متبرک چھڑی مبارک’ مول استھان ‘ ہنیل گڈیاری سے متبرک مندر شعیا دھار لی جاتی ہے اور وہاں درشن کرنے اور مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد چھڑی مبارک واپس لانے کے ساتھ ہی یاترا اختتام پذیر ہو جاتی ہے۔یاترا میں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں یاتری شامل ہو کر ’’ماں ‘‘کے درشن کرتے ہیں۔یاترا عام طور سے موسم گرما میں ہی ہوتی ہے۔یاترا کے متعلق تفصیلات دیتے ہوئے ’’چنڈی ماتا شاردھا سنستھا ‘‘کے صدر نے کہا کہ نا موافق موسمی حالات کے باوجود یاتر اپُر امن رہی اور تمام یاتری اپنے گھروں کو بحفاظت واپس پہنچے۔اُنہوں نے کہا کہ سول انتظامیہ اور پولیس نے یاترا خوش اسلوبی سے منعقد کرنے کے لئے معقول انتظامات کئے تھے۔اُنہوں نے یاترا کو کامیاب بنانے کے لئے انڈین آرمی کے تعاون کی کافی سراہنا کی اور تمام متعلقین کا یاترا کو کامیاب بنانے میںانکا تعاون دینے پر انکا شکریہ ادا کیا ۔