ادھم پور//جموں و کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی نے ریاست میں ’ایک ملک ایک ٹیکس‘ لاگو کرتے ہوئے ریاست میں جی ایس ٹی کو لاگو کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی کے ریاستی صدر و سابقہ ایم ایل اے بلونت سنگھ منکوٹیہ نے مخلوط سرکار کی اتحادی پارٹی بی جے پی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی نے اقتدار کی خاطر اپنے کور مدعوں کو سرنڈر کیا ہے۔اُنہوں نے انتباہ کیا کہ اگر جی ایس ٹی ریاست میں لاگو نہیں کیا جاتا ہے تو پارٹی جموں کے لئے علحیدہ ریاست کی مانگ کرے گی۔ پارٹی کی جانب سے جموں کے لئے علحیدہ ریاست کا مطالبہ لیکر ’’حقء انصاف‘‘ یاترا کی قیادت کرتے ہوئے پارٹی کے صدر نے سناسر ،پتنی ٹاپ، میں متعدد ریلیوں سے خطاب کیا ۔مقامی لوگوں نے منکوٹیہ کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔اس موقعہ پر اُنہوں نے اپنے خطاب میںکہا ہے کہ ریاست میں جی ایس ٹی لاگو کرنا کشمیر پر مرکوز لیڈروں کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے جو کہ ’ایک ملک ایک ٹیکس ‘ کا حصہ نہیں بننا چاہتے ہیں۔جبکہ جموںخطہ کے قوم پرست ر یاست میں جی ایس ٹی کو لاگو کرنے کے خواہاں ہیں۔منکوٹیہ نے کہا کہ اس کا واحد حل جموں کے علحیدہ ریاست میں ہی مضمر ہے۔اُنہوں نے الزام لگایا کہ جموں کے عوام کو سرکار کی غلط پالسیوں سے مرکزی سرکار کے قوانین اور فوائد سے محروم رکھا جاتا ہے۔اُنہوں نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ آزادی کے بعد سے ہی پارٹی نے دفعہ370ختم کرنے کا مدعا اُٹھایا تھا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی وہ اسے مستحکم کرنے اور جی ایس ٹی کو لاگو کرنے سے ہچکچاہٹ کر رہی ہے۔