سرینگر//’جی ایس ٹی کو حکومت بچائو ٹیکس‘ قرار دیتے ہوئے ریاستی کانگریس نے الزام عائد کیا کہ’ پی ڈی پی ،بھاجپا مخلوط حکومت کو جی ایس ٹی معاملے پر کنفیوژن پیدا کررہی ہے‘ ۔پارٹی کے ریاستی غلام احمد میر نے کہا کہ کانگریس پارٹی اصولی طور نئے ٹیکس اصلاحات جموں وکشمیر میں لاگو کرنے کے خلاف نہیں ،تاہم ترمیم کے ساتھ مذکورہ مرکزی قانون ریاست میں لاگو ہونا چاہئے تاکہ خصوصی پوزیشن متاثر نہ ہو ۔ ریاستی سرکار کی جانب سے جی ایس ٹی معاملے پر 4جولائی سے طلب کئے خصوصی اجلاس کے حوالے سے ریاستی کانگریس کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ پارٹی صدر غلام احمد میر کی صدارت میں سرینگر میں منعقد ہوئی ۔مذکورہ میٹنگ میں حکومت کی جانب سے طلب کئے گئے خصوصی اسمبلی اجلاس اور جی ایس ٹی معاملے کے علاوہ دیگر کئی اہم امورات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کانگریس پارٹی نے اعلیٰ سطحی میٹنگ میں خصوصی اسمبلی اجلاس میں پارٹی موقف رکھنے کیلئے ایک لائحہ عمل بھی مرتب کیا ۔میٹنگ کے اختتام پر نامہ نگاروں سے بات کر تے ہوئے کا نگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کہا کہ موجودہ پی ڈی پی ،بھاجپا سرکار جی ایس ٹی کے معاملے کے حوالے سے کنفیوژن پیدا کررہی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ سرکار کا اس قانون کے حوالے سے کوئی لائحہ عمل نہیں کیا کہ کس طرح اس قانون کو ریاست جموں وکشمیر میں لاگو کیا جاسکے ؟۔انہوں نے کہا کہ سرکار تزبزب کی شکار ہے کیو نکہ جموں وکشمیر کو آئین ہند میں خصوصی درجہ حاصل ہے ۔