ڈوڈہ// میڈیا اور سی آر پی ایف کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے مقصد سے نائب کمانڈنگ آفیسر 78بٹالین سی آر پی ایف کے ایل دھیمن نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابسطہ افراد کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں مختلف اخبارات ،نیو زایجنسیز اور چینلوں کے لئے کام کرنے والے متعدد افراد نے شرکت کی ۔میٹنگ کے دوران متعدد مسائل پر آپسی تبادلۂ خیالات عمل میں لایا گیا اور مختلف مسائل زیرِ غور لائے گئے۔ اس موقع پر کے ایل دھیمن نے صحافت پیشہ افراد سے تعاون طلب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس دور میں میڈیا تیسری آنکھ کی حیثیت رکھتا ہے اور میڈیا کے کردار کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ میڈیا کا آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ نقطۂ نظر کسی ملک یا قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بہت اہم ہوا کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اہم سماجی مسائل اور عوامی مشکلات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ میڈیاپر عوام اور انتظامیہ و پولیس کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔میڈیا نمائندوں کو چاہیے کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کا مقصد ذہن میں رکھ کر مختلف مسائل علاقوں کے مسائل کو اُجاگر کرتے رہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم سب کا مقصد ایک ہے البتہ ذمہ داریاں الگ الگ ہیں اور اگر ہم ایک دوسرے کا تعاون کرتے ہوئے مربوط انداز میں کام کریں تو یقیناً ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اُنہوں نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ وہ سی آر پی ایف کوسماجی و عوامی مسائل اور مشکلات سے با خبر کر نے کے ساتھ ساتھ اپنے مشورے اور تجاویز بھی فراہم کرتے رہیں تاکہ سی آر پی ایف اپنی ذمہ داری بحسن و خوبی انجام دے سکے۔ اُنہوںنے کہا کہ معاشرے سے برائیوںکو ختم کرنا اور اچھائیوں کو فروغ دیناصحافت کی ذمہ داریاں ہیں اور اگرایک صحافی ان ذمہ داریوں کو احسن طریقہ سے انجام دینے میں کامیاب ہو جائے تو وہ معاشرہ کی اصلاح اور سماج کے سدھار میں فیصلہ کن رول ادا کرسکتا ہے۔اُنہوں نے صحافت پیشہ افراد کو اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سی آر پی ایف اُن کی ہر قسم کی مدد کرنے کے لئے تیار ہے اور وہ جب بھی ضرورت محسوس کریں سی آر پی ایف سے رابطہ کر سکتے ہیں۔میڈیا نمائندوں نے میٹنگ کے انعقاد پر نائب کمانڈنگ آفیسر78بٹالین سی آر پی ایف کا شکریہ ادا کیا اور اُنہیں بھر پور تعاون فراہم کرنے کایقین دلایا۔