سرینگر // حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کشمیر کی تجارتی انجمنوں اور سو ل سوسائٹی ممبران کی کارڑنیشن کمیٹی (JKCC) کے جموں کشمیر ریاست پرجی ایس ٹی (GST) کے اطلاق کے خلاف احتجاجی پروگرام کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے عوام ان تمام اقدامات جن کا مقصد جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کو کمزور کرکے تنازعہ کشمیر کی ہیت اور حیثیت کو تبدیل کرنا مقصود ہے، بھر پور مخالفت اور مزاحمت کرینگے ۔ میرواعظ نے کہا کہ JKCC نے جموں کشمیر پر اِس قانون کے اطلاق اور اس کے پس پردہ مقاصد کے بارے میں جن خدشات کا اظہار کیا ہے جب تک ان کا ازالہ نہیں کیا جاتاتب تک اس قانون کو یہاں لاگو کرنے کی قیادت اور عوامی سطح پر بھر پور مزاحمت کی جائیگی۔