سرینگر//وادی میں جاری امرناتھ یاترا پر آنے والے زائرین کو بہتر طبی نگہداشت فراہم کرنے کیلئے جہاں بھارت کے مختلف 21ریاستوں سے صرف 21ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا ہے وہیں وادی کے مختلف ضلع ، سب ضلع اور پرائمری ہیلتھ سینٹروں سے ہٹاکر 20ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا ہے جس کی وجہ سے وادی کے کئی اضلاع اور سب ضلعی اسپتالوں کے علاوہ پرائمری ہیلتھ سینٹروں کا کام کاج متاثر ہوا ہے اوران اسپتالوں میں علاج و معالجے کیلئے آنے والے لوگوں میں مشکلات بڑھ گئیں ہے۔ امسال 29جون 2917سے جاری امرناتھ یاترا پر آنے والے ہزاروں زائرین کو بہترطبی سہولیات بہم رکھنے کیلئے مختلف ضلعی، سب ضلعی اور پرائمری ہیلتھ سینٹروں سے ہٹاکر ڈاکٹروںیاترا ڈیوٹی پر تعینات کیا ہے وہیں پانپور کے سب ضلع اسپتال اور ضلع اسپتال سے ڈاکٹروں کو منتقل کرنے سے مریض گوناگوں مشکلات میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ پانپور کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ پانپور کے مختلف پرائمری ہیلتھ سینٹروں کو این آر ایچ ایم ملازمین کی رحم و کرم پر چھوڑدیاگیا ہے۔پانپور کے ایک ہلیتھ سینٹر پر تعینات ملازم نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ اسپتال میں تعینات ڈاکٹر کو یاترا کیلئے منتقل کئے جانے سے مریضوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے ، نہ تو مریضوں کا علاج ہوپارہا ہے اور نہ ہی کوئی تشخیصی ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔ ادھر ضلع اسپتال اننت ناگ سے بھی تین سینئر ڈاکٹروں کو ہٹا کر امرناتھ یاترا کی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اسپتال میں بچوں کیلئے مخصوص شعبے میں آنے والے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ ضلع اسپتال اننت ناگ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام محمد نے بتایا کہ اسپتال میں قائم شعبہ اطفال سے 3سینئر ڈاکٹروں کو ہٹا کر یاترا ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ اسپتال سے ہٹائے گئے ڈاکٹروں کی عدم دستیابی سے مریضوں کو پریشانی ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا پر کی ڈیوٹی پر جاننے والے ڈاکٹروں کو 20دنوں تک مسلسل ڈیوٹی پر تعینات رہتے ہیں اور یاترا ڈیوٹی ختم کرنے پر مذکورہ ڈاکٹروں کو 20دن کی چھٹی دی جاتی ہے جس سے تقریباًایک مہینے تک اسپتالوں کا کام کاج متاثر ہوتا ہے۔ بی ایم او کنگن ڈاکٹر شبیر احمد آوان نے’’ کشمیر عظمی کو بتایا ’’ بالتل بیس کیمپ سمیت مختلف جگہوں پر عارضی کیمپوں پر 41ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا جن میں 21ریاستوں کے 21ڈاکٹر اور کشمیر کے 20ڈاکٹر تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی تعیناتی تین مرتبہ ہوگی جن میں 19جون سے8جولائی پہلا شفٹ، 8جولائی سے 22جولائی تک تیسرا شفٹ اور 22جولائی سے یاترا کے اختتام پر تیسرا شفٹ کام کرے گا۔