سرینگر//حریت (گ)،حریت (ع)،لبریشن فرنٹ،فریڈم پارٹی،مسلم دینی محاذ ،تحریک مزاحمت،محاذ آزادی ،ماس مومنٹ اور ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن نے بامنو پلوامہ میں سرکاری فورسز کی طرف سے بے دریغ فائرنگ کی پُر زور مذمت کی ہے ۔حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے بمنو پلوامہ میں تین عسکریت پسندوں کے جاں بحق ہونے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں کشمیر پچھلی کئی دہائیوں سے حالتِ جنگ میں ہے اور یہاں قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے۔ گیلانی نے کہا کہ ہمارے بچے کسی شوق یا مشغلے کے تحت بندوق نہیں اُٹھاتے ہیں، البتہ یہ جموں کشمیر میں تعینات بھارتی فوج، نیم فوجی فورسز اور پولیس کا بے انتہا ظلم اور جبر ہے، جو اس طرح کی صورتحال کے لیے بنیادی وجہ ہے اور جس کے نتیجے میں ریاست کی صورتحال دن بدن زیادہ سنگین اور ابتر بنتی جارہی ہے۔ ادھر حریت (ع)چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے بامنو پلوامہ میں سرکاری فورسز کی طرف سے بے دریغ فائرنگ کی پُر زور مذمت کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہندوستان کشمیر کے بارے میں اپنی معاندانہ پالیسی اور تشدد آمیز طریقہ کار کو ترک کرکے مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب اقدامات کرتی ہے تو کشمیر میں انسانی جانوں کا زیاں خود بہ خود بند ہوسکتا ہے اور خطے میں امن بحال ہوسکتا ہے۔لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال اور ضلع صدر پلوامہ جاوید احمد بٹ کی سربراہی میں دو وفود نے سوف شالی کوکرناگ،برینٹھی دیالگام ،دہران اسلام آباد،کلر پلوامہ اور بامنو پلوامہ جاکرحالیہ دنوں میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں اور عام شہریوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ موصولہ بیان کے مطابق نور محمد کلوال کے ساتھ وفد میں ظہور احمد بٹ،محمد صدیق شاہ،ضلع صدراسلام آباد محمد اسحاق گنائی اور محمد اسحاق ملک شامل تھے جبکہ دوسرے وفد نے کفایت احمد اور جہانگیر احمد کے گھر جاکر ان کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔فریڈم پارٹی تر جمان نے با منو کیلر معرکہ میں جاں بحق ہوئے تین جوانوںجہانگیر احمد ،کفایت احمد اور اختر پال کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرفروش ایک ایسے مقصد کے لئے اپنی عزیزجانوںکا نذرانہ پیش کررہے ہیں ،جو ہمارے لئے ایک عقیدے کی حیثیت رکھتا ہے ۔ایک بیان میں ترجمان نے سوگوار گھرانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ترجمان نے پلوامہ اورکیلر میں عام شہریوں کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں کے خلا ف فوجی طاقت کا بے تحاشا استعمال ایک وحشیانہ پن ہے ۔مسلم دینی محاذ کے خالد شکیل کی قیادت میں ایک وفد نے بشیرلشکری اور طاہرہ بیگم کے گھرجاکر لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔وفد میں مرکزی ذمہ دارذیشان احمد ، ضلعی امیر سرینگرطاہراحمد اور ضلع سیکر یٹری شبیرزرگر شامل تھے۔ تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ’’ہم جاں بحق ہوئے افرادکی قربانیوں کے مشن برائے آزادی کو آگے لے جانے کے لئے وعدہ بند ہیں‘‘۔انہوں نے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان کی جدائی ایک صدمہ عظیم ہے لیکن ان جوانوں نے جس مشن کی آبیاری اپنے خون سے کی،اُس کی حفاظت کی جائے گی۔ محازآزادی کے صدر سید الطاف اندرابی اور ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی نے دیالگام اورپلوامہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں اورعام شہریوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔جموں کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بامنو پلوامہ میں شہری آبادی پر راست فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ میں 5افراد کو گولیاں لگی ہیں جبکہ 35افراد بشمول دو صحافی زخمی ہوئے ہیں جو انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فورسز نے طاقت کا استعمال کرکے کئی مکانوں کو بھی زمین بوس کیا۔
لشکر طیبہ کا خراج عقیدت
سرینگر/ /لشکرطیبہ چیف محمودشاہ نے بامنو پلوامہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ قوموں کی آزادی ان جوانوںکے لہو کی مرہون منت ہوتی ہیں ۔سی این ایس کو بھیجے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے سبھی وسائل کشمیرپر خرچ کررہاہے تاکہ آزادی کی آواز کو دباسکے ۔انہوں نے عوام کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان کے جذبوں کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان مسئلہ کشمیر کو دبانے کے لیے امریکہ اور اسرائیل سے اتحادکررہاہے اور ان سے مدد بھی طلب کررہاہے لیکن ہم اپنے رب سے مددطلب کرتے ہیں اور عوامی اتحاد کو مزید مضبوط کرنے کی اپیل کرتے ہیں ۔