سرینگر//اطلاعات ، خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے منگل کو نظامت اطلاعات و تعلقات عامہ کے میڈیا کمپلیکس میں آڈیٹوریم اور کانفرنس ہال کا افتتاح کرنے کے علاوہ لائبریری اور ریڈنگ روم کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے ایڈورٹائزمنٹ پورٹل کو متعارف کرنے کے علاوہ فوٹو نمائش کی رسم رونمائی بھی انجام دی۔میڈیا کمپلیکس اور کانفرنس ہال کو تقریباً 4کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر ، سیکریٹری اطلاعات ایم ایچ ملک، سیکریٹری خوراک و شہری رسدات شفیق احمد رینہ ، ناظم اطلاعات منیر الاسلام اور ناظم خوراک اور امور صارفین نثار احمد وانی بھی موجود تھے۔سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کے عہد کو یاد کرتے ہوئے چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ مفتی سعید میں 18مئی 2015ء کو اعلان کیا تھا کہ سیلاب زدہ کمپلیکس کی محکمہ اطلاعات کی جانب سے تجدید و تعمیر کے بعد اس کو جدید سہولیات سے لیس کیا جائے گا۔ذوالفقار علی نے کہا کہ 2برس کے اندر جدید آڈیٹوریم اور کانفرنس ہال کا افتتاح کرنے سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ موجودہ حکومت اپنے وعدوں کو پور ا کرنے میں سنجید ہ ہے۔جدید سہولیات سے لیس آڈیٹوریم اور کانفرنس ہال کی تعمیر کے لئے اطلاعات و تعمیرات عامہ محکموں کی سراہنا کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس سے نہ صرف محکمہ اطلاعات بلکہ پوری ریاست مستفید ہوگی۔محکمہ کی جانب سے کئے گئے دیگر اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ بہت سے معاملات کافی دیر سے التوا میں پڑے تھے تاہم موجودہ وزیرا علیٰ کی مداخلت کے بعد بیشتر معاملا ت حل کئے گئے ہیںاور سرگرمیاں سرعت کے ساتھ جاری ہیں۔وزیر نے کہا کہ محکمہ الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے لئے ایک علاحدہ اشتہاری پالیسی ترتیب دینے پر غور کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اخبارات کی زمرہ بندی اور صحافیوں کی ایکرڈیٹیشن کے لئے بھی ایک میکانزم ترتیب دے رہا ہے۔محکمہ اطلاعات کی اہمیت بیان کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت کئی ترقیاتی منصوبے عملارہی ہے تاہم ان کی تفصیلات اور فوائد عوام تک پہنچائے بغیر ان کی افادیت ختم ہوجاتی ہے اور محکمہ اطلاعات عوام اور حکومت کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا کام کرتا ہے۔محکمہ اطلاعات کے ملازمین کی سراہنا کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ میڈیا اور دیگر خبر رساں اداروں کو بروقت خبریں فراہم کرنے میں ہمیشہ کوشاں رہتا ہے اور اس کے لئے محکمہ کے ملازمین انتھک کوششیں کرتے ہیں۔وزیر نے محکمہ کے ملازمین یقین دلایا کہ ان کی کوششوں کے عوض میں ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔وزیر موصوف نے کہا کہ محکمہ کے کچھ مسائل ہیں جن کو عنقریب حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقین کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔لائبریری کم ریڈنگ روم کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیر موصوف نے امید ظاہر کی کہ اس عمارت کی تعمیر عنقریب مکمل کی جائے گی۔وزیر نے کہا کہ انہوں نے محکمہ کے ریسرچ اینڈ ریفرنس شعبے میں موجود تمام اخبارات ، جریدوں ، کتابوں اور دیگر اہم کاغذات کی ڈیجیٹائزیشن یقینی بنانے کے احکامات دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک انمول خزانہ ہے جس کی ہر قیمت پر حفاظت کی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ خزانہ ریاست کے اندر اور باہر رہنے والے محققین اور دانشوروں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کہا کہ انہوں نے 1972 میں محکمہ اطلاعات سے ہی اپنا کیرئیر شروع کیا تھا اور انہیں اس محکمے کو پروان چڑھتے دیکھنے میں خوشی ملتی ہے ۔ وزیر نے کشمیر کے معروف صحافیوں بشمول خواجہ ثنا اللہ بٹ ، شمیم احمد شمیم ، صدر الدین مجاہد ، جین ستو ، آر کے کاک ، عبدالعزیز ، پریم ناتھ بزاج اور دیگر نامور صحافیوں کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے محکمے کو ہال آف فیم قایم کرنے کی تجویز دی جس میں ان صحافیوں کی تصاویر کے ساتھ ساتھ اُن کی خدمات کے حوالے سے جانکاری دستیاب ہو تا کہ نوجوان صحافیوں کی رہنمائی ہو سکے ۔ وزیر نے نوجوان صحافیوں کو اپنے نظریوں کو وسعت دینے کی گذارش کی ۔ اس سے قبل وزراء نے ایک فوٹو ایگزیبیوشن کا بھی افتتاح کیا جس میں گذشتہ تین برسوں کے دوران موجودہ سرکار کے کام کاج کی عکاسی کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ نمائش میں 1930 عیسوی تک کے اخبارات اور جریدوں کو بھی رکھا گیا ہے ۔ وزراء نے محکمے کے آن لائین اشتہاری پورٹل کا بھی افتتاح کیا ۔اس کے ذریعے اشتہارات کی تقسیم کاری میں شفافیت یقینی بنے گی ۔ وزراء کو بتایا گیا کہ نئے تعمیر شدہ کیفٹیریا کو جلد ہی قابلِ کار بنایا جائے گا جبکہ آڈیو ویژول یونٹ پر کام تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے ۔ تقریب میں جوائینٹ ڈائریکٹر اطلاعات ہیڈ کوارٹر عبدالمجید زرگر ، جوائینٹ ڈائریکٹر کشمیر ظہور احمد میر ، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آر شیخ ظہور ، ڈپٹی ڈائریکٹر کشمیر فاروق احمد بابا اور دیگر سینئر افسران اور معززین بھی موجود تھے ۔