بانڈی پورہ//اجس بانڈی پورہ میں فائرنگ کے بعد وسیع علاقے کو محاصرے میں لیا گیا۔اس دوران علاقے میں فوج نے پتھراﺅ کررہے نوجوانوں کو تتر بتر کرنے کےلئے ہوا میں گولی بھی چلائی۔ادھر جنوبی ضلع کولگام میں فوجی کانوائے پر پتھراﺅ کے بعد ہوائی فائرنگ کی گئی اور تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اجس نامی علاقے میں وازہ محلہ کے قریب گھات میں بیٹھے جنگجوﺅں نے فورسز کی آر او پی سے وابستہ اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی غرض سے گولیاں چلائیں اور فائرنگ کے فوراً بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد فوج کی13آر آر اور ایس او جی سے وابستہ اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد نے آس پاس کے علاقوں کو گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی انجام دی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ اجس اور ملحقہ علاقہ جات میں ہڑتال کی وجہ سے دکانیں اور کاروباری ادارے مکمل طور بند رکھے گئے۔اس دوران نوجوانوں کی ایک ٹولی نے فوج کی ایک پارٹی پر سنگباری بھی کی اور فوج نے انہیں منتشر کرنے کےلئے ان کا تعاقب کیا اور ہوا میں گولیوں کے چند راﺅنڈ فائر کئے ۔تاہم پولیس نے بتایا کہ علاقے میں نہ فوج پر پتھراﺅ کیا گیا اور نہ ہی ہوائی فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش آیا۔ ادھر کولگام کے ریڈونی اور ہاوورہ علاقوں میں نوجوانوں کی ٹولیوں نے فوجی گاڑیوں پر پتھراﺅ کیاجس کے جواب میں فوجی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی اور پتھراﺅ کرنے والوں کا تعاقب کیا۔اس کارروائی کے دوران تین مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ۔