کپوارہ //گرمیو ں کے سخت ایام میں بھی شمالی ضلع کپوارہ کے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی نے سنگین رخ اختیار کیا ہوا ہے ۔بمہامہ کپوارہ میں لوگو ں نے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای نے یہا ں پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کے لئے تین سال قبل ایک واٹر سپلائی سکیم پر کام شروع کیا تاہم ابھی تک یہ سکیم نا مکمل ہے جس کے نتیجے میں مقامی آ بادی پانی کی ایک ایک بو ند کے لئے ترس رہی ہے ۔اس سلسلے میں خضر محمد ،محمد سبحان ،حاجی بشیر احمد سمیت درجنو ں افراد پر مشتمل ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ محکمہ پی ایچ ای نے بمہامہ واٹر سپلائی سکیم کے لئے ایک حوض بھی پانی جمع کرنے کے لئے تعمیر کیااور گائو ں میں پانی فراہم کر نے کے لئے تین سال قبل پائپیں بھی بچھا دی ہیں تاہم ابھی تک پانی کو لفٹ کر نے کے لئے مشینری نصب نہیں کی جس کے نتیجے میں عام لوگو ں کو پینے کا صاف پانی حاصل کرنے کے لئے سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔انہوں نے کہا کہ گا ئو ں میں مقامی مسجد شریف کے نزدیک ایک کنواں بنایا گیا جہا ں یہا ں کی ساری آبادی پانی حاصل کرتی ہے ۔مقامی لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر اندر اس واٹر سپلائی سکیم کا کام دوبارہ شروع کریں بصورت دیگر وہ سڑکو ں پر آ کر زور دار احتجاجی مہم چھیڑ دیں گے ۔اس حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہا نگیر نے وفد کو یقین دلایا کہ انہیںبہت جلد پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا ۔