اسلام آباد//پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسین نواز سے شریف کنبہ پر لگے منی لانڈرنگ کے الزامات میں چھ رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے آج پوچھ گچھ کی جبکہ ان کی بہن مریم نواز کل پہلی بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گی۔پاکستانی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق مسٹر حسین نواز چھٹی بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے ۔ ان کے بھائی حسن نواز سے پیر کو جے آئی ٹی نے پوچھ گچھ کی تھی۔ مسٹر حسین نواز سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان فیڈرل جوڈیشیل اکادمی (ایف جے اے ) پہنچے جہاں پاکستان مسلم لیگ کے حامیوں نے ان کا استقبال کیا۔وزیر خزانہ عشاق ڈار بھی اس معاملے میں پیر کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے ۔ مسٹر ڈار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے والے شریف کنبہ کے آٹھویں رکن ہیں۔مسٹر ڈار نے ایف جے اے کے باہر نامہ نگاروں سے کہاکہ انہوں نے لندن کی جائیداد کے سلسلہ میں تمام معلومات جے آئی ٹی کو دستیاب کرادی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے تفتیشی ٹیم کو پہلے گواہوں کو ایک سوالنامہ بھیجنے کا حکم دیا تھا اور اس کے بعد انہیں سمن جاری کرنے کے لئے کہا تھا۔