ریاسی//ڈویژنل کمشنر جموں مندیپ بھنڈاری کی صدارت میں منعقدہ انتظامیہ افسران کی میٹنگ میں ضلع ریاسی میں جاری ترقیاتی اور تعمیری سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ۔ میٹنگ جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی رویندر کمار ، ایڈیشنل ڈی سی بابو رام ، اے سی عبدالستار، اے سی ڈی اور دیگران بھی شامل تھے میں خصوصی طور پر صحت ، تعلیم ، تعمیرات عامہ اور سماجی بہبود محکمہ جات کی کارکردگی کا مفصل جائزہ لیتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑکوں کی تعمیر میں مزید سرعت لانے کی ہدایت دی اور انہوں نے زمینوں کے حصول کے لئے خصوصی مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔ لوگوں کی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے ڈاکٹر بھنڈاری نے اپنی کوششوں کو دوگنا کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ حکومت کی طرف سے چلائی جا رہی اسکیموں کے فوائد کو زمینی سطح پر منتقل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ملازمین جو عوامی توقعات پر پورا نہیں اترتے ہیں، کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔ چیف میڈیکل آفیسر کو ریاسی بلڈ بنک کومتحرک بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے ضروری ساز و سامان اور مشینری حاصل کرنے کے لئے کہا تاکہ بلڈ بنک کے قیام کے لئے جاری فنڈز استعمال میں لائے جا سکیں ۔ فوڈ سیفٹی آفیسرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ مڈڈے میلز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔ اس سے قبل ڈویژنل کمشنر نے کئی دفاتر کا دورہ کیا اور وہاں ملازمین کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے کام کاج کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔