گندو//گندو کے بھڑگی گائوں میں بجلی کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ دو نوجوان بھائی بہن زخمی ہوئے ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز بھڑگی گندو میں بجلی کی زیادہ وولٹیج آنے کی وجہ سے متعدد مکانات کی بجلی تاروں میں آگ لگ گئی جس سے پورے گائوں میں افرا تفری مچ گئی ۔تاریں لوگوں پر گرنے اور آگ بجھانے کی کوشش کے دوران اگرچہ متعدد افراد کو بجلی کرنٹ لگا مگر نذیر احمد (70) ولدِ عبدالعزیز،محمد عمران (18)ولدِ محمد شفیع اور جبینہ بانو(17) دختر محمد شفیع بری طرح جھلس گئے۔مقامی لوگوں نے اُنہیں فوری طور سب ضلع اسپتال گندو منتقل کیاجہاں نذیر احمد نے دم توڑ دیا جب کہ محمد عمران اور جبینہ بانو کی حالات خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق بجلی کی زیادہ وولٹیج آنے سے بہت سارے گھروں میں بجلی تاروں میں آگ لگ گئی،بلب فیوز ہوئے اور سوچ،پنکھے،فریج اور بجلی سے چلنے والی دیگر چیزیں جل گئیں۔تاریں گرنے سے اگرچہ بہت سارے لوگوں کو کرنٹ لگا مگر نذیر احمد،محمد عمران اور جبینہ بانو بری طرح جھلس گئے اور اُنہیں گندو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں نذیر احمد زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ سابق ایم ایل سی محمد اقبال بٹ نے اس حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والے کے پسماندگان اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے مرنے والے کے لواحقین کو ایکس گریشیا ریلیف فراہم کرنے اور زخمیوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے علاوہ اُن کا مکمل مفت علاج کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔اُنہوں نے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔