سرینگر//لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ دو ماہ تک پولیس اسٹیشن گاندربل میں اذیت دینے کے بعد جس انداز میں پولیس نے لبریشن فرنٹ ضلع صدر پر نیا پی ایس اے عائد کیا ہے اور ان کی فیملی کو اطلاع دئے بغیر ہی انہیں جموں منتقل کیا ہے وہ پولیس کے سفاک رویے اور شقاوت کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ گاندربل پولیس بشیر احمد بویا پر زور ڈال رہی تھی کہ وہ اپنی رہائی کیلئے مقامی پی ڈی پی اراکین سے رابطہ کریں جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پولیس دراصل انہی سیاسی گماشتوں اور ناجائز قبضے کے شراکت داروں کی ایماء پر کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پولیس اسی انداز میں بادشاہ سے زیادہ وفادار بننے کی فراق میں ہے تو انہیں اپنی وردی اُتار کو پی ڈی پی اور اسکی سرپرست آر ایس ایس کی وردی زیب تن کرنی چاہئے تاکہ عام لوگوں کو کوئی ابہام نہ رہے۔پولیس کی جانب سے کل شب لبریشن فرنٹ قائدین ماسٹر محمد افضل،محمد یاسین بٹ اور ظہور احمد بٹ کے گھروں واقع ترہگام کپوارہ اور نسیم باغ سرینگر پر چھاپوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ ان قائدین کے گھروں پر چھاپے ڈال کر ان کے خاندانوں کو تنگ طلب کرنا ہر لحاظ سے غیر جمہوری عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ رات دیر گئے پولیس نے محمد یاسین بٹ کے گھر پر چھاپہ ڈالا ۔ یاسین بٹ اور انکی فیملی گھر پر موجود نہیں تھی لیکن پولیس نے جبراً ان کے گھر کے اندر گھس کر ان کے ہمسایئوں کو بھی ہراساں کردیا۔اسی طرح پولیس نے ماسٹر محمد افضل اور ظہور احمد بٹ کے گھروں واقع ترہگام پر بھی چھاپے ڈالے اور انکے خاندان والوں کو بھی تنگ طلب کیا۔ان شبانہ چھاپوں کو قابض حکام اور نام نہاد حکمرانوں کی سخت بوکھلاہٹ سے تعبیر کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ ہر قسم کی سیاسی مکانیت کو مسدود کرکے نیز سیاسی قائدین و اراکین کو تنگ طلب اور ہراساں کرکے یہ لوگ دراصل بدترین تشدد کو فروغ دے رہے ہیں جو ہر حال میںغیر جمہوری اور سرکاری دہشت گردی ہی قرار پاسکتا ہے۔
فرنٹ لیڈپر دوسری بار پی ایس اے عائد
کورٹ بلوال جیل منتقل کئے گئے
ارشاد احمد
گاندربل//لبریشن فرنٹ کے ضلع صدر گاندربل بشیر احمد راتھر عرف بویا پر مسلسل دوسری مرتبہ پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرکے سنٹرل جیل کورٹ بلوال جموں منتقل کردیا گیاہے۔.بشیر احمد راتھر ولد غلام رسول ساکنہ بی ہامہ گاندربل ضلع صدر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ گاندربل پر گزشتہ سال 2016 کے ماہ اگست میں جاری ایجی ٹیشن کے دوران پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرکے جموں سنٹرل جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔بشیر احمد راتھر عرف بویا کے رشتہ داروں کے مطابق گزشتہ سال جاری ایجی ٹیشن کے دوران پی ایس اے نافذ کرکے جموں منتقل کردیا گیا تھا ڈیڑھ ماہ قبل پرانے پی ایس اے کی کاش ہوکر اسے تھانہ گاندربل میں بند رکھا گیا تھا پر ضلع انتظامیہ گاندربل کے ایک حکمنامہ کے SDM/17/PSA/1 تاریخ 04/07/2017 تحت ایک سال کے لئے پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرکے کورٹ بلوال سنٹرل جیل جموں منتقل کر دیا گیا ۔