سرینگر// ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس اسٹیٹس جوجنیسور شرما نے آج یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ جوجنیسور شرما نے گورنر کو ڈیفنس اسٹیٹس کی جانب سے زمین کی حصولیابی ، متاثرہ افراد کی باز آباد کاری اور دیگر معاملات کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے دفاعی اراضی کے موثر نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس کیلئے ایک میکنزم ترتیب دینے کی تلقین کی ۔ اس سلسلے میں گورنر موصوف نے کافی عرصے سے التوا میں پڑے معاملات کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے ایک دہائی سے زیادہ التوا میں پڑے جموں یونیورسٹی کو دفاعی اراضی واپس نہ کرنے کے معاملے کے نتیجے میں منفی نتایج کا بھی خصوصی طور ذکر کیا ۔ ادھر ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سنجیو جین نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی ۔ انہوں نے گذشتہ چند مہینوں کے دوران تعلیمی ، انتظامی اور دیگر ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے گورنر کو جانکاری دی ۔ گورنر نے انہیں یونیورسٹی میں فیکلٹی کی تعیناتی کے علاوہ تعلیمی اور تحقیقی عمل میں معیار بنائے رکھنے پر زور دیا ۔ گورنر نے ہوسٹل اور انڈور سپورٹس سہولیات کے قیام کے عمل میں سرعت لانے کی صلاح بھی دی ۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ کے صلاحکار پروفیسر امیتابھ مٹو نے آج راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ انہوں نے ریاستی عوام کی بہبود کے حوالے سے جاری اقدامات کے حوالے سے گورنر کو جانکاری فراہم کی ۔ گورنر نے تعلیمی منظر نامے میں معیار بنائے رکھنے کے علاوہ نوجوانوں کو غلط عناصر سے دور رکھنے پر بھی توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت اُجاگر کی ۔ اس سلسلے میں گورنر نے موجودہ تعلیمی فریم ورک کا سکیل آڈٹ کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کی صلاح بھی دی ۔