سرینگر// محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے ایک مقامی روزنامے کے ایڈیٹر کے خلاف قانونی کاروائی شروع کی ہے جس نے محکمہ کے جوائینٹ ڈائریکٹر ، کشمیر ڈویژن کے دفتر میں گُھس کر جوائینٹ ڈائریکٹر اور اُن کے عملے کے ساتھ ہاتھا پائی کی ۔ جوائینٹ ڈائریکٹر کشمیر کے ملازمین کے بیان کے مطابق ایڈیٹر صبح اُن کے دفتر میں آ کر ایشین میل اخبار کو حکومت کی جانب سے معقول اشتہارات نہ دینے کے خلاف چیخ و پکار کی ۔ محکمہ کے ایک ملازم کے مطابق مذکورہ ایڈیٹر رشید راحل اُن کے دفتر میں گھس کر گالی گلوچ کرنے لگا اور جوائینٹ ڈائریکٹر کے ساتھ ہاتھا پائی کرنے کی کوشش کی ۔ جوائینٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر کے ملازمین کا مذکورہ ایڈیٹر کی جانب سے ڈرانے دھمکانے اور ہراسانی کے خلاف سخت احتجاج کے بعد محکمہ نے اس ضمن میں پولیس میں تحریری شکایت درج کی اور حکومت کے متعلقہ حکام کو بھی اس حادثے کے بارے میں جانکاری دی ہے ۔ حادثے کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے ناظمِ اطلاعات و رابطہ عامہ نے کہا ہے کہ وہ یہ معاملہ ذاتی طور ریاست میں مختلف ایڈیٹرز فورموں کے نمائیندگان کے ساتھ اٹھائیں گے ۔ دریں اثنا جے ڈی آئی کشمیر نے اپنے دفتر کی حفاظت کیلئے اور اس نوعیت کے حادثات کے مستقبل میں رونما نہ ہونے کیلئے پولیس حفاظت طلب کی ہے ۔ ملازمین نے شکایت کی ہے کہ انہیں چھوٹے درجے کے اخبارات کے ایڈیٹر اُن کے اخبارات کیلئے بہت زیادہ اشتہارات جاری نہ کرنے کیلئے اکثر و بیشتر ہراساں کرتے ہیں ۔ واضح رہے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے حکومت کی جانب سے اشتہاری مدد کے تحت گذشتہ مالی سال کے دوران ایشین میل اخبار کے حق میں 13.76 لاکھ روپے کی ادائیگی کی ہے جو کہ اُن کے زمرے کے اخبار کیلئے کافی زیادہ ہے ۔