سرینگر//فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ اور اسلامک پولٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے حزب کے سابق کمانڈربرہان مظفر وانی اور ان کے دو ساتھیوں کو ان کی پہلی برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی ۔شبیر شاہ نے برہان وانی کی برسی کو یوم تجدید عہد کے طور منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ” اس روز ہم تحریک آزادی کے ساتھ اپنی وابستگی کا برملا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کریں گے کہ صبح آزادی تک اپنی جدوجہد کوجاری رکھا جائے گا“ ۔ شاہ نے کہا کہ تحریک آزای کے لئے دی گئی ان کی بے مثال قربانی ہمارے لئے چراغ راہ کا کام دے گی ۔انہوں نے برہان اور ان کے ساتھیوں کے تئیں عوام کے جذبہ محبت اورعقیدت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سال گزشتہ کے اُن ایک سو دو نوجوانوں کو کبھی بھی بھول نہیں سکتے جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی جدجہد کے لئے دیوانہ وار گولیوں اور پیلٹ کا مقابلہ کیا ۔