سرینگر// نجی راشن دکانیں چلانے والے افراد کو سرکاری نوکری فراہم کرنے کے لئے سال 2013میں پاس کئے گئے حکم نامے کو رد کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کے خلاف بدھ کو فئیر پرائز شاپ مالکان نے پریس کالونی سے گھنٹہ گھر لال چوک تک احتجاجی مارچ کیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں شامل فئیر پرائز راشن دکانوں کے مالکان ریاستی سرکار اور وزیر خوراک کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے گھنٹہ گھر پہنچے جہاں پولیس نے لاٹھی چارج کرکے انہیں منتشر کیا جبکہ لاٹھی چارنچ میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔ احتجاجی مظاہرے میں شامل خانیار کے ریاض احمد نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے سال 2013 میں ایک کابینہ فیصلے میں وادی میں عوام کو راشن فراہم کرنے والے نجی راشن گھاٹوں کو حکومت کے ہاتھوں میں لینے کا فیصلہ کیا تاہم نیشنل کانفرنس سرکار نے اس پر عملدرآمد نہیں کیا اوراب موجودہ بی جے پی ڈی پی سرکار نے کابینہ کے اس فیصلے کو عملانے سے انکار کرتے ہوئے سابق سرکار کے کابینہ فیصلے کو رد کردیا ہے جس کے خلاف ہم احتجاج کرنے کیلئے سڑکوں کو آگئے ہیں۔ احتجاجیوںنے دھمکی دی کہ اگر ریاستی سرکار نے 16جولائی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا تو وادی میں چاول کی سپلائی کو روک دیا جائے گا۔