سرینگر//شہر کے مضافاتی علاقہ پانتہ چھوک میں تیز رفتار ٹرک نے ایک راہگیر کو کچل کر ہلاک کرڈالا جس کے بعد ٹرک ڈرائیور نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ سرینگر جموں شاہراہ پر پانتہ چھوک کے نزدیک منگل کی شب دیر گئے ایک دلدوز واقعہ پیش آیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ تیز رفتاری کے ساتھ جارہے ایک ٹرک نے فیاض احمد گنائی ساکن چند ہار پانپور نامی راہگیر کو اپنی زد میں لاکر بری طرح سے کچل ڈالا۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور زخمی شہری کو خون میں لت پت حالت میں اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔واقعہ کے فوراً بعد ٹرک ڈرائیور نے پولیس اسٹیشنقہ پانتہ چھوک جاکر سرینڈر کیا جبکہ پولیس نے اس کی گاڑی کو بھی اپنی تحویل میں لیا۔قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد فیاض احمد کی لاش اس کے لواحقین کے حوالے کی گئی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔ پولیس کے مطابق معاملے کی نسبت کیس رجسٹر کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔