سرینگر// گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول کوٹھی باغ سرینگر میںکل ٹونی بلیر فیتھ فاونڈیشن کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیرکے اشتراک سے ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر سکول ایجوکشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے بحیثیت مہمان خصوصی کے شرکت کی۔اس ورکشاپ کا مقصد کشمیر کے اساتذہ کو دیگر ممالک اور قوموں کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ مذاکرہ اور گفتگو کا موقعہ میسر کراناتھا تاکہ وہ مختلف نوعیت کے قوموںکے متفرقہ مسائل کو سمجھ کر ایک پُرامن اور ہم عصر دُنیا کا حصہ بنیں۔ ٹونی بلیر فیتھ فاونڈیشن دُنیا کی بیشتر ممالک میں اپنے پروگرام سکائپ اور انٹر نیٹ کے ذریعہ چلا رہی ہے۔اس موقعہ پر ء ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے زوردیکر کہا کہ ہمیں اس طرح کے پروگراموں کی بے حد ضرورت ہے تاکہ ہمارے طلبہ اور اساتذہ زیادہ سے زیادہ عالمی سطح پر قوموں کے ساتھ مذاکرات اور ایک دوسرے کے مسائل پر آزادانہ گفتگو کرسکیں تاکہ ایک مشترکہ انسانیت کی پُرامن قوم میں وہ حصہ دار بن سکیں۔اس موقعہ پر انہوں نے پرنسپل سٹیٹ ا نسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کشمیر کو ہدایات دیں کہ وہ مذکورہ این جی او کے ساتھ تعاون بڑھائیں تاکہ سکول ایجوکیشن کی حصہ داری کو زیادہ وسیع کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کام کیلئے ضلعی سطحوں پر ائی سی ٹی لیبارٹریوں کومزید فعال اور بہتر بنایا جائے گا۔ ڈائریکٹر موصوف کے ہمراہ ایس ائی ای پرنسپل محبوب حسین،عابد حسین جوائنٹ ڈائریکٹر (ساوتھ)،کلچرل آفیسر غلام نبی شاکر بھی تھے جنہوں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔اس موقعہ پر ٹونی بلیر فیتھ فاونڈیشن کے تعلیمی مشیر برائے ایشیا ساندیا گُپتا نے کہا کہ وادی کے اُساتذہ اور طلبہ نے اس پروگرام میں کافی گرم جوشی دکھائی اور اس طرح کے پروگراموں کو وادی میں وسعت دینے کیلئے وہ ازحد کوشش کریں گے۔