یروشلم // اسرائیل کے دورے کے دوسرے دن وزیر اعظم مودی اور بنجامن نیتن یاہو کے درمیان وفد کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ مذاکرات کے دوران ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان 7 معاہدوں پر بھی دستخط کئے گئے۔ ان معاہدوں میں اسرو اور اسرائیل کی خلائی ایجنسی کی درمیان معاہدہ کو کافی اہم سمجھا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان زراعت کے شعبہ میں بھی اہم معاہدے ہوئے۔مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ترقی کے بارے میں دونوں ممالک کے خیالات ایک جیسے ہیں، یہ ہماری دوستی کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ مودی نے اسرائیلی ٹیکنالوجی کی بھی جم کر تعریف ۔ انہوںنے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں اسرائیل دنیا میں کافی آگے ہے۔وزیر اعظم مودی نے اپنے شاندار استقبال کے لئے اسرائیل کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کی باتوں نے مجھے کافی متاثر کیا ہے، میں نیتن یاہو کے خاندان سے بھی ملا۔ ادھر اسرائیلی وزیر اعظم یاہو نے مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'ہماری جوڑی جنت میں بنی ہے۔میڈیا کی خبروں کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے یاہو کو ہندوستان کے دورہ کی بھی دعوت دی۔قبل ازیں وزیر اعظم مودی نے اپنے اسرائیل کے دورے کے دوسرے دن اسرائیل کے صدر رولن سے ملاقات کی۔ مودی کا خیر مقدم کرتے ہوئے رولن نے کہا کہ 'ہمیں وزیر اعظم مودی کا اپنے مہمان کے طور پر خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، ہندوستان اور اسرائیل ایک اچھے ساتھی ثابت ہوں گے اور مختلف علاقوں میں ان کا باہمی تعاون مزید گہراہوگا۔